لاہور (خبرایجنسیاں +مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب میں شدیددھند کے باعث ٹریفک حادثات میں10 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔لاہور سے پتوکی تک حد نگاہ 50 میٹر تک رہ گئی۔ جمعہ کو دھند کی وجہ سے شیخو پورہ میں وین بس سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 5افراد موقع پر دم توڑ گئے ۔لیہ میں ٹرالر اور رکشے میں ٹکر کے نتیجے میں 3طلبہ جاں بحق ہوگئے، اسی طرح جہلم میں کار پھاٹک سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور 2افراد زخمی ہوگئے۔ علاوہ ازیں عارف والا میں بورے والا روڈ پر ٹریکٹر، آئل ٹینکر اور موٹر سائیکل میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں ایک طالب علم خالق حقیقی سے جاملا جبکہ 3افراد زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام نے زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا۔ خانیوال ملتان روڈ پر کینولا آئل سے بھرا ٹینکر الٹ گیا، حادثے کے باعث سیکڑوں لیٹر آئل بہہ گیا۔دھند کے باعث موٹروے کے مختلف سیکشن کو بھی بند کیا گیا۔ موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیرضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ آلودہ دھند شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے، لوگ تیزی سے گلے اور آنکھوں کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ علاوہ ازیں اہم پاور پلانٹس آلودہ دھند پھیلنے کے باعث بند کردیے گئے ہیں۔جن میں چشمہ ون،چشمہ ٹو،چشمہ تھری،چشمہ فورشامل ہیں۔اس کے علاوہ مظفرگڑھ، حبکو، کیپکو، حبکونارووال، لبرٹی پاور پلانٹس بھی بند کیے گئے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ پاور پلانٹس دوبارہ چلانے میں مزید 3 روزلگ سکتے ہیں۔ پاور پلانٹس بندہونے سے لوڈشیڈنگ میں اضافے کا خدشہ ہوگیاہے۔متاثرہ علاقوں میں 8سے 10 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوسکتی ہے۔ مہنگے ایندھن سے چلنے والے پاورپلانٹس بھی بندکردیے گئے ہیں۔