لندن میں آزاد بلوچستان مہم‘ پاکستان کا احتجاج

362

اسلام آباد(خبرایجنسیاں +مانیٹرنگ ڈیسک ) لندن میں ٹیکسیوں پر لگے ’آزاد بلوچستان‘ کے اشتہارات پر پاکستان نے برطانیہ سے احتجاج کرتے ہوئے اسے ملکی سالمیت پر براہ راست حملے کے مترادف قرار دیا ہے۔دفتر خارجہ کی جانب سے جمعہ کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر ٹومس ڈرو کو طلب کرکے ان سے لندن میں ٹیکسیوں پر لگے اشتہارات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ یہ اشتہارات اور ان میں بدنیتی پر مبنی مواد پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کی خلاف ورزی ہیں، ایک دوست ملک کی سرزمین کو پاکستان مخالف بدنیتی پر مبنی مہم کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے برطانوی ہائی کمشنر کو آگاہ کیا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق پاکستان اس مہم کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔اس معاملے کو لندن میں پاکستانی سفیر کے ذریعے برطانیہ کے فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس کے ساتھ بھی اٹھایا جا رہا ہے۔