جرائم میں اضافہ سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے

215

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 68 کے امیر میاں زبیر لطیف نے کہا ہے کہ فیصل آباد شہر میں جرائم کی وارداتوں میں اضافہ پولیس اور سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ شہر میں آدھے سے زیادہ پولیس اہلکار صرف وی آئی پیز کی ڈیوٹی پر مامور ہیں جو کہ عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔ پولیس اور سیکورٹی اداروں کی ناقص کارکردگی کی بنا پر شہر ی سڑکوں اور گلی بازاروں میں لٹ رہے ہیں، جس کی جماعت اسلامی بھرپور مذمت کرتی ہے۔ دن دہاڑے چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں سے شہری عدم تحفظ کا شکار ہوگئے ہیں۔ شہر میں ڈاکو راج میں اضافہ ہورہا ہے، پولیس اور دیگر سیکورٹی ادارے بے حسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں، حکمرانوں نے پولیس سمیت دوسر ے قومی اداروں کے نظام کو تباہ وبرباد کردیا ہے۔ حکمرانوں کو اپنی پالیسیاں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ان کی ترجیح عوام کے جان ومال کا تحفظ اور انسانی حقوق بنے نہ کہ بڑے بڑے منصوبہ جات، قرضے، کمیشن اور دولت کا حصول ہو۔ ہمارے حکمران اپنا معیار زندگی بدلیں اور وی آئی پی کلچر کے بجائے اپنی توجہ عوام کے جان ومال کی حفاظت اور ان کی بنیادی ضروریات کی فراہمی پر مرکوز کریں۔ زبیر لطیف نے پنجاب کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ تھانوں اور گشت پر مامور پولیس کی نفری میں اضافہ کیا جائے، پولیس کو وی آئی پیز پروٹوکول کے بجائے عوام کے جان ومال کی حفاظت پر مامور کیا جائے۔ آن لائن ایف آئی آر سسٹم فوری نافذ کیا جائے اور پولیس اور سیکورٹی اداروں کو رشوت اور کرپشن سے پاک کیا جائے تب ہی معاشرے کو پُرامن بنایا جا سکتا ہے۔