جے آئی یوتھ انٹراپارٹی الیکشن ،ملکی تاریخ میں ایک منفرد مثال ہے،شمس الرحمن سواتی

167

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی کے ضلعی امیرشمس الرحمن سواتی نے کہا کہ نوجوان انقلاب کاہراوّل دستہ ہوتے ہیں، سینیٹرسراج الحق نے نوجوانوں کوقومی سطح کی لیڈرشپ میں شامل کرکے ان کا جائزمقام دے دیا، قومی اورصوبائی سطح کے الیکشن میں جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے نوجوانوں کوبھی ٹکٹ دیے جارہے ہیں۔پورے ملک میں طلبہ کنونشنز اورجے آئی یوتھ انٹراپارٹی الیکشن میں نوجوانوں کی جوش وخروش سے دلچسپی نے ثابت کردیا کہ پورے ملک میں نوجوان سراج الحق کے ساتھ ہیں ملکی مسائل اور کرپٹ مافیا کے مقابلے میں پاکستانی نوجوان گولی اوربندوق سے کئی گنا زیادہ طاقت رکھتے ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے گلریز،لکھن اور مورگاہ میں جے آئی یوتھ کے نومنتخب عہدیداران سے ملاقات اوراستقبالیہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نائب امرائے ضلع امتیازعلی اسلم،ظفرالحسن جوئیہ، ضلعیسیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان،ضلعی صدر جے آئی یوتھ سردارتفہیم اعظم سمیت مقامی قیادت بھی ان کے ہمراہ موجود تھی۔ جماعت اسلامی کی قیادت نے منتخب عہدیداران کو انتخابات جیتنے پرمبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کیلیے نیک خواہشات کااظہاربھی کیا۔ شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ مثبت سرگرمی اورکھیل کے گراؤنڈ نہ ہونے کے باعث نوجوان منفی سرگرمیوں میں مصروف تھے لیکن سینیٹرسراج الحق کے ویژن کے مطابق ہم انہیں قومی دھارے میں شامل کرکے انہی ووٹ کی قوت سے انہیں اپنی نوجوان لیڈرشپ منتخب کرنے کے مواقع فراہم کررہے ہیں۔ جے آئی یوتھ انٹراپارٹی الیکشن ،پاکستان کی تاریخ میں ایک منفرد اورانقلابی مثال ہے یوتھ کا ہمدرد ہونے کی دعویدارتنظیمیں باوجودکوشش کے انٹراپارٹی الیکشن نہ کرو اسکیں اور ان کے اپنے الیکشن کمیشن نے ہی ان کی دیانت داری پرسوال اٹھا دیے ۔ مسائل اور کرپشن کی دلدل میں جماعت اسلامی ، نوجوانوں کیلیے امید کی کرن بن کرابھری ہے۔انہوں نے کہاکہ نومنتخب عہدیداران اپنے علاقے کے مسائل کوحل کرنے کیلیے عملی اقدام کریں،ظلم کی طویل سیاہ رات ختم ہونے والی ہے یہ نوجوان ظلم کے سامنے ایک مضبوط دیوارہوں گے اورمظلوم کی داد رسی کیلیے اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔