موجودہ اور سابقہ حکمران ٹولہ کرپشن میں لت پت ہے

179
تلہار:جماعت اسلامی کی حانب سے رابطہ مہم کے سلسلے میں ضلعی امیر غلام رسول احمدانی کے زیر صدارت اجلاس ہورہا ہے
تلہار:جماعت اسلامی کی حانب سے رابطہ مہم کے سلسلے میں ضلعی امیر غلام رسول احمدانی کے زیر صدارت اجلاس ہورہا ہے

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ آنے والے انتخابات کے حوالے سے ضلع کی سطح پر دیگر دینی و سیاسی جماعتوں کے ساتھ اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا آپشن کھلا رکھا ہوا ہے۔ دوسری جماعتوں کے ساتھ بات چیت کے لیے ضلعی رہنماؤں پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کردی ہے۔ 2018ء کے انتخابات ملکی سیاست اور آنے والے ادوار پر گہرے اثرات مرتب کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مجلس شوریٰ کے اس اجلاس میں دعوتی، تنظیمی، تربیتی اور سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں راولپنڈی شہر اور کینٹ کی قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں نامزد امیدواروں کی سرگرمیوں کی رپورٹس بھی پیش کی گئیں۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ انتخابات زیادہ دُور نہیں ہیں۔ جماعت اسلامی تمام حلقوں میں اچھی شہرت کے حامل امیدوار میدان میں اُتارے گی۔ کرپشن سے پاک قیادت صرف اور صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے۔ موجودہ اور سابقہ حکمران ٹولہ کرپشن میں لت پت ہے۔ جماعت اسلامی تمام کرپٹ لوگوں کا احتساب چاہتی ہے۔ جب تک کرپشن کو جڑ سے نہیں اُکھاڑا جائے گا، ملک ترقی اور خوشحالی کے راستے پر آگے نہیں بڑھ سکے گا۔ سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے پاناما پیپرز میں شامل دیگر 436 افراد کو احتساب اور قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے ایک بار پھر عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کردی ہے۔ جب تک ان افراد کیخلاف قانون حرکت میں نہیں آئے گا، انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوں گے۔