سعدالطاف کا پاکستان میں ایک میچ سب سے اچھی بولنگ کا ریکارڈ

279

سید پرویزقیصر

بائیں ہاتھ سے تیز بولنگ کرانے والے سعد الطاف نے راولپنڈی کی جانب سے کھیلتے ہوئے فاٹا کے خلاف میر پور میں کھیلے گئے قائد اعظم ٹرافی کے میچ میں36.3 اوور میں141رن دیکر 16 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا‘جو پاکستان میں کسی فرسٹ کلاس میچ میں سب سے اچھی کار کردگی ہے۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ ایک اور تیزبولر سہیل خان کے پاس تھا جو پاکستان کی نمائندگی تینوں طرز کی کرکٹ میں کر چکے ہیں۔ سہیل خان نے سوئی گیس کی جانب سے کھیلتے ہوئے وابڈا کے خلاف کراچی میں دسمبر2007 کو 52.5 اوور میں189 رن دیکر16 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ انہوں نے پہلی اننگ میں19 اوور میں80 رن دیکر 7 کھلاڑیوں کے آؤٹ کرنے کے بعد دوسری اننگ میں 33.5 اوور میں109 رن دیکر 9 کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا تھا۔
سعد الطاف کی اس سے قبل فرسٹ کلا س کرکٹ میں سب سے اچھی کارکردگی59 رن دیکر 7وکٹ تھی۔ انہوں نے ابھی تک جو 97 فرسٹ کلا س میچ کھیلے ہیں17974بالوں پر10017رن دیکر 25.62 کی اوسط کے ساتھ393 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔ 27 مرتبہ انہوں نے ایک اننگ میں 5 یا اس سے زیادہ وکٹ اور5 مرتبہ ایک میچ میں 10 یا اس سے زیادہ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔25 دسمبر 1983کوا مرگالا میں پیدا ہوئے سعد الطاف کی عمر اس وقت 33سال ہے مگرانہیں کبھی پاکستان کی نمائندگی کرنے کا موقع ابھی تک نہیں ملا ہے۔
قائد اعظم ٹرافی کے موجودہ سیزن میں سعد الطاف نے جو4 میچ کھیلے ہیں انکی 7 اننگوں میں115.4 اوور میں 432 رن دیکر24 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔ اس وقت وہ سب سے زیادہ وکٹ لینے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں مشترکہ طور پر 24 ویں نمبر پر ہیں۔ اس وقت اس فہرست میں پہلا مقام یونائٹیڈ بینک کے سہیل خان کو حاصل ہے جنہوں نے 6 میچوں کی11 اننگوں میں200.3 اوور میں547 رن دیکر14.39کی اوسط کے ساتھ49 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے۔ انہوں 3 مرتبہ ایک اننگ میں 5 یا اس سے زیادہ اور ایک مرتبہ ایک میچ میں 10 یا اس سے زیادہ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔
راولپنڈی نے ابھی تک جو6 میچ کھیلے ہیں ان میں سے اس نے 2 میچ جیتے ہیں 4 میں اسے شکست ہوئی ہے۔ وہ گروپ بی میں15 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے مقام پر ہے۔اس گروپ میں پہلا مقام یونائٹیڈ بنک کا ہے جس نے 6 میچوں میں سے 5 میں جیت حاصل کی ہے ۔ ایک میچ میں یونائٹیڈ بنک کو شکست ہوئی ہے۔ اس کے 48 پوائنٹس ہیں اتنے پوائنٹس کسی اور ٹیم کے نہیں ہیں۔اسی گروپ میں46 پوائنٹس کے ساتھ حبیب بنک دوسرے مقام پر ہے۔ گروپ اے میں45 پوائنٹس کے ساتھ سوئی گیس پائپ لائین پہلے مقام پر ہے۔