خواتین کو نشانہ بناکرا بلوچ روایات کو  پامال کیا جارہا ہے‘ وزیراعلیٰ بلوچستان 

157

کوئٹہ(اے پی پی) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری نے ڈیرہ بگٹی کے علاقے بیکڑ میں بارودی سرنگ کی زد میں آکر ایک خاتون کے جاں بحق اور ایک خاتون کے شدید زخمی ہونے کے واقعے پررنج وغم کا اظہار کیا ہے اور دہشت گردوں
کی جانب سے خواتین سمیت بے گناہ شہریوں کو بارودی سرنگ اور دیگر تخریبی کارروائیوں کے ذریعے نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے وزیرداخلہ میر سرفراز بگٹی سے ٹیلفون پر رابطہ کیا اور ان سے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کو بہرصورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بلوچ معاشرے میں خواتین کو عزت وتکریم دی جاتی ہے تاہم ہمارا مقابلہ ایسے دہشت گردوں سے ہے جنہوں نے اپنی جنگ میں خواتین اور بچوں کو بھی دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو دہشتگردی کا نشانہ اور نام و نہاد آزادی کی جنگ کا حصہ بناکر بلوچ روایات کو پامال کیا جارہا ہے جس کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی۔