پرویز مشرف کی قیادت میں  23جماعتی اتحاد کا امکان

970

اسلام آباد (میاں منیر احمد) علامہ طاہر القادری‘ آل پاکستان مسلم لیگ‘ سنی تحریک اور دیگر23 چھوٹی بڑی سیاسی جماعتوں کا اتحاد اسی ہفتے تشکیل پاجائے گا اور پرویز مشرف اس اتحاد کے چیئرمین ہوں گے‘ مسلم لیگ(ج) کے محمد اقبال ڈار کو
اتحاد کا مرکزی سیکرٹری جنرل بنایا جائے گا جبکہ صدر کے عہدے کے لیے ریاض فتیانہ‘ غوث علی شاہ‘ سردار ذوالفقار علی کھوسہ کے نام زیر غور ہیں علامہ طاہر القادری کے لیے اس اتحاد میں عہدے کا فیصلہ ماڈل ٹاؤن رپورٹ کے بعد ہوگا ۔ سیاسی ذرائع نے بتایا کہ اس اتحاد کے علاوہ آئندہ عام انتخابات میں سندھ میں بھی ایک نیا سیاسی اتحاد بن رہا ہے یہ اتحاد26 نومبر کو سکھر میں اپنی سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گا اس میں مسلم لیگ(پیر پگارہ) نیشنل پیپلزپارٹی‘ پیپلزپارٹی ورکرز گروپ کے علاوہ ارباب غلام رحیم‘ لیاقت جتوئی اور ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا شامل ہیں۔ جبکہ جنرل پرویزمشرف کی سربراہی میں تشکیل پانے والے سیاسی اتحاد کے مرکزی عہدیداروں کاانتخاب10 نومبر کو اسلام آباد میں ایک کنونشن میں ہوگا ۔ پرویز مشرف کنونشن سے ٹیلی فونک خطاب کریں گے ۔اس اتحاد میں شامل دیگر جماعتوں میں وحدت المسلمین‘ پاکستان سنی تحریک‘ سنی اتحاد کونسل‘ نیشنل مسلم لیگ‘ مسلم لیگ (کونسل) ‘مسلم لیگ (جناح) اور دیگر جماعتیں شامل ہیں۔