پشاور (وقائع نگار خصوصی) سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبر پختونخوا وپارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی عالمگیر تحریک ہے جو کہ اصلاح معاشرہ اور عوامی حمایت سے ملک میں حقیقی تبدیلی کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ ہم مظلوموں کے ساتھ ہیں، اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام چاہتے ہیں۔ ظلم اور جبر کے بجائے انصاف کا نظام لانا چاہتے ہیں۔ مظلوم کی وکالت کرنا چاہتے ہیں۔ عدالتوں میں قرآن کا قانون اور اس پر فیصلے کرنا چاہتے ہیں۔ جبر، ظلم، سودی تجارتی نظام کا خاتمہ، مزدور، کسان، غریب، لاچار اوربے بس عوام کے لیے انصاف پر مبنی نظام تشکیل دینا چاہتے ہیں۔ ملک میں امن و استحکام کرپشن کے خاتمے سے جڑا ہے اور پاکستان کی سا لمیت اور ترقی کے لیے بلا امتیاز احتساب ضروری ہے۔ ملک و قوم کو قرضوں میں ڈبونے والے وطن عزیز اور عوام کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔ وہ تیکر کوٹ براؤل دیر بالا میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر عیسیٰ خان، امیر زادہ، حیات خان، اجمود دین، محمد زادہ، بادشاہ زادہ، نجیب اللہ، سہیل، تالم خان، نیاز مولا خان، احسان اللہ، محمد رفیق، احسان، محبوب خان، کلیم اللہ اور دیگر افراد نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت پی پی پی سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ عنایت اللہ خان نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی میں موروثیت نہیں۔ اس نے غلبہ دین، اللہ کی رضا، اسلامی نظریہ کا شعور اور اسلام مخالف قوتوں سے قرآن و سنت کی دلیل سے جنگ لڑی ہے۔