واٹر بورڈ کے کارنامے

113

صفائی نصب ایمان ہے، اور پاکی حاصل کرنے کا پہلا ذریعہ پانی ہے جس کے بغیر پیاس بجھانا تو دور کی بات نہانا دھونا اور وضو کرنا بھی ناممکن ہے۔ ہمارا نام نہاد واٹر بورڈ پانی کا بل تو صفائی کے ساتھ ماہ وار بھیجتا ہے مگر پانی اور پھر صاف پانی کا فقدان برقرار رہتا ہے۔ نارتھ کراچی سیکٹر 7D-3 پچھلے چھ سال سے پانی سے محروم ہے، ہمارے علاقے مکینوں کے مسلسل شکایات کرنے کے بعد جب پچھلے تین مہینوں سے پانی کی آمد ہوئی تو گویا ایک نئی آزمائش تھی۔ پانی کے ساتھ ساتھ غلاظت کی بھرمار تو کبھی کالا گندہ پانی، جو پانی ہمارے ٹینکوں میں ہوتا ہے وہ بھی اس کارنامے کی وجہ سے ناقابل استعمال ہوجاتا ہے۔ دوسری جانب ٹینکر مافیا روز بروز ترقی کی راہوں پر گامزن ہے۔ عوام اور خاص کر نارتھ کراچی سیکٹر 7D-3 کے مکین وزیراعلیٰ سے التماس کرتے ہیں کہ اس مسئلے پر ازخود نوٹس لیں۔
ثنا ابراہیم، سیکٹر 7D-3، نارتھ کراچی