اہم خبریں

211

نواز شریف بیٹی اور داماد کے ساتھ نیب عدالت میں پیش ہونگے

اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف‘ مریم نوازا ور کیپٹن صفدر آج نیب عدالت میں پیش ہوں گے‘ سیکورٹی سخت کردی گئی‘ اسحق ڈار بیماری کے باعث لندن میں زیرعلاج ہیں اس لیے وہ نیب عدالت میں پیش نہیں ہوں گے۔

پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پر عزم ہے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد (آن لائن) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پر عزم ہے۔ حال ہی میں ارجنٹائن میں ایف اے ٹی ایف کے منعقدہ ایک اجلاس کے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے فروری 2014ء میں ایف اے ٹی ایف کے معیارات پر عمل درآمد کے لائحہ عمل کو کامیابی کے ساتھ مکمل کیا۔ اس صورتحال کے برعکس تصویر کشی پاکستان کو بد نام کرنے کی مذموم سیاسی حکمت عملی کی عکاس ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف اے ٹی ایف سے متعلق ممالک کی فہرست ایف اے ٹی ایف کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے جس میں پاکستان شامل نہیں ہے۔

پنجاب حکومت کی کرپشن کیخلاف دائر درخواستیں سماعت کیلیے منظور

لاہور (آن لائن) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد کریم نے صاف پانی کمپنی سمیت 56کمپنیوں میں اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کے خلاف دائر درخواستیں سماعت کے لیے منظور کر لیں اور فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب داخل کروانے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت نے قرار دیاکہ تمام درخواستوں کو یکجا کرکے انکی سماعت اکھٹی ہو گی۔ درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ سمیت متعدد درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے گزشتہ 8 برس میں 56 کمپنیاں بنائیں جن میں ٹرانسپورٹ اور صاف پانی سمیت دیگر شامل ہیں۔ درخواست گزار کے مطابق آئین کے آرٹیکل 140اے کے تحت جو کام کمپنیز کو سونپے گئے وہ بلدیاتی نمائندوں نے کرنے تھے۔ من پسند افراد کو نوازنے کے لیے لاکھوں روپے کی تنخواہ اور مراعات دیکر قواعدوضوابط کے خلاف بھرتیاں کی گئیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت کمپنیز میں کرپشن کے حوالے سے ازسرنو تحقیقات کا حکم دے اور ان کمپنیز کو کام سے روکا جائے۔عدالت نے فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 28نومبر تک ملتوی کردی۔

سندھ ہائی کورٹ کے 5 ججوں کو مستقل کرنے کی سفارش

اسلام آباد (آن لائن ) ججز تقرری کے جوڈیشل کمیشن نے سندھ ہائی کورٹ کے 5 ججوں کو مستقل کرنے کی سفارش کرتے ہوئے ان کے نام حتمی منظوری کے لیے پارلیمانی کمیٹی کو بھجوا دیے۔ پیر کو ججز تقرری کے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں ہوا جس میں سندھ ہائی کورٹ کے ججوں جسٹس نسیم صدیقی، جسٹس خادم حسین، جسٹس عمر سیال، جسٹس عدنان میمن اور جسٹس یوسف سید کی مستقلی پر غور کیا گیاانہیں مستقل کرنے کی سفارش کرکے معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھجوا دیا۔

روس کی اسٹیٹ کمیٹی کے چیئرمین سفارتی آداب سے نابلد نکلے

اسلام آباد (آن لائن) روس کی اسٹیٹ ڈوما کمیٹی برائے انٹرنیشنل افیئرز کے چیئرمین لٹونڈسلٹسکی سفارتی آداب سے نابلد نکلے۔ پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں سفارتی مہمان کو وفد کے ہمراہ سفارتی گیلری میں بٹھایا گیا، اراکین نے تالیاں بجاکر معزز مہمان کااستقبال کیا۔تاہم گھنٹہ بھر قومی اسمبلی کی معمول کی کارروائی کے دوران معزز سفارتی مہمان گیلری میں 2 نشستوں پرٹیڑھے لیٹ کر نیندپوری کرتے پائے گئے ۔آنکھ کھولنے اپناموبائل نکال لیااورقومی اسمبلی اجلاس کی جاری کارروائی کی وڈیو ریکارڈنگ شروع کردی جوکہ سفارتی آداب کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ ‘ باقرنجفی کمیشن رپورٹ طلب

لاہور (نمائندہ جسارت)لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت سے باقرنجفی کمیشن رپورٹ طلب کرلی ہے، عدالت کا کہنا تھا کہ بند کمرے میں رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں 3رکنی فل بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت کے روبروپنجاب حکومت کے وکیل خواجہ حارث نے انٹرا کورٹ اپیل میں مؤقف اختیار کیا کہ جوڈیشل انکوائری رپورٹ اب ایک ناکارہ دستاویزات ہے کیونکہ ان کے بقول پنجاب حکومت نے جس مقصد کے لیے سانحے کی جوڈیشل انکوائری کرائی تھی وہ مقصددپورا ہو چکا ہے۔جوڈیشل انکوائری کی رپورٹ پبلک کرنے سے ٹرائل پر اثر پڑسکتا ہے۔ جس پر عدالت نے قراردیاکہ فل بنچ بند کمرے کی کارروائی میں اس انکوائری رپورٹ کا جائزہ لے گا۔