وفاق قبائلی عوام کو ایف سی آر کا غلام رکھنا چاہتا ہے، مشتاق خان

214

پشاور (وقائع نگار خصوصی) فاٹا کا صوبے میں انضمام فاٹا کے ایک کروڑ سے زائد قبائلی عوام کے دلوں کی پکار ہے،اپنے ذاتی مفادات کے چند غلام ذہن ہی فاٹا کا صوبے میں انضمام قبول کرنے سے انکار کررہے ہیں۔ صوبے میں فاٹا کا انضمام نہ صرف ترقی بلکہ ملکی امن و امان کی بھی نوید ثابت ہوگا۔ جماعت اسلامی قبائلی نوجوانوں اور طلبہ کی امنگوں کی ترجمان اور ان کی پشت پر کھڑی ہے۔ جماعت اسلامی ہمیشہ کی طرح فاٹا انضمام کے حوالے سے نوجوانوں کی تحریک کی پشتیبان اور ہر اول دستہ ہے اور اس تحریک کو اپنے منطقی انجام تک پہنچا کررہے گی۔ فاٹا کے ایک کروڑ عوام اب ایف سی آر کی ستر سالہ غلامی کو ایک دن کے لیے بھی برداشت کرنے کو تیار نہیں۔ وفاقی حکومت فاٹا کے عوام کے مطالبات پر گونگے بہروں کا کردار ادا نہ کرے۔ وفاقی حکومت واضح کرے کہ کیا وہ اکیسویں صدی میں بھی قبائلی عوام کو انگریز کے کالے قانون ایف سی آر کا غلام بنائے رکھنا چاہتی ہے یا انہیں پاکستان کے آزاد شہری کی حیثیت دینا چاہتی ہے۔ ایک کروڑ سے زائد قبائلی عوام دن رات ایف سی آر کے خاتمے اور فاٹا کے صوبے میں انضمام کے لیے احتجاج کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے جماعت اسلامی کے صوبائی ہیڈ کوارٹر المرکز الاسلامی پشاور میں قبائلی عمائدین کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت جماعت اسلامی خیبر ایجنسی کے امیر شا ہ فیصل آفریدی اور جنرل سیکرٹری اول گل آفریدی کر رہے تھے۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ فاٹا کے ایک کروڑ عوام کو ایف سی آر کی غلامی سے نجات دلانے کے لیے سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات پر فوری عمل درآمد کر کے فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کیا جائے۔ فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کے لیے ستر سالہ غلامی ختم کی جائے اور این ایف سی ایوارڈ میں فاٹا کو بھرپورحصہ دیا جائے۔ قبائل میں جو غربت اور پسماندگی ہے، وہ کسی افریقی ملک میں بھی نظر نہیں آتی۔ ایف سی آر کے کالے قانون کے ذریعے قبائلی علاقے کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ دنیا میں قیدیوں کے بھی حقوق ہیں مگر قبائلیوں کے کوئی حقوق نہیں ۔ ایک فرد کے جرم کی سزا پورے خاندان اور قبیلے کو دی جاتی ہے۔ پولیٹیکل ایجنٹوں کو بے پناہ اختیارات دے کر بے تاج بادشاہ بنا دیا گیا ہے۔ دو سو کے قریب سرکاری ملازمین نے ایک کروڑ انسانوں کو غلام بنا رکھا ہے۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ حکومت قبائل کے ساتھ اپنے وعدوں سے انحراف کررہی ہے لیکن فاٹا کے عوام کو دھوکا دینے کی کوئی حکومتی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔