کارکنان عام انتخابات میں نئے جذبے کے ساتھ میدا ن میں اتریں گے 

186

پشاور(وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور وسابق ممبرقومی اسمبلی صابرحسین اعوان نے کہا ہے کہ این اے فور انتخابی نتائج کا سائنسی جائزہ لینے کے بعد جماعت اسلامی ضلع پشاور نے نئے سرے سے انتخابی حکمت عملی طے کی ہے ہمارے کارکنان پرُعزم ہے اگلے عام انتخابات میں نئے جذبے کے ساتھ میدان میں اُتریں گے۔ وہ ضلعی ہیڈکوارٹر میں نئے امرا زونز کی حلف برداری تقریب و این اے فور انتخابات کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔اجلاس میں نائب امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد اقبال خلیل نے خصوصی طورپر شرکت کی۔ اس موقع پر تمام نئے زونل امرا نے اپنے عہدے کا حلف اُٹھایا جس میں پی کے1سے ڈاکٹر عبدالحفیظ ، پی کے2 حاجی سیف اللہ، پی کے 3 شہزاداحمد ، پی کے4 غلام ربانی ، صدرزون سے خالدمحمود شیخ ، پی کے5جمال الدین خان ، حیات آباد زون سے مسیح گل،پی کے 6 غربی سے سعید احمد آفریدی ، پی کے 7محمدریاض خان ، پی کے 8 سفیراللہ ، پی کے9 وقاص خان ، پی کے 6 شرقی سے مولانا محمد اسرائیل، پی کے 10محمد فاضل خان ، کوہ دامان زون سے سید امین خان ، پی کے 11 شرقی سے رفعت اللہ اسد اورپی کے 11 غربی سکندر خان شامل تھے۔ اجلاس میں جماعت اسلامی کے ضلعی جنرل سیکرٹری عتیق الرحمن ، نائب امرا حاجی محمد اسلم ، سابق صوبائی وزیر حافظ حشمت خان ، کاشف اعظم ، ہدایت اللہ خان اور خالدگل مہمند ودیگر ذمے داران بھی موجودتھے۔ تقریب واجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صابرحسین اعوان نے مزیدکہاکہ ضمنی الیکشن کے نتائج کے کئی عوامل ہیں، مرکزی امیر سراج الحق نے ہدایت کی کہ تمام خامیوں کے نشاندہی کرکے عام انتخابات کی تیاری جاری رکھیں ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی جمہوری اور شوریٰ پارٹی ہے جس میں تمام اُمورکے فیصلے مشاورت سے کیے جاتے ہیں اور ہماری جماعت میں احتساب کا بھی باقاعدہ نظام ہے اور سب کو احتسابی عمل سے گزارنا ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے سامنے اسلامی اور خوشحال پاکستان کی منزل ہے اور ایک ضمنی الیکشن سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔