معاشرے کی پائیدار ترقی کے لیے علم کاحصول ناگزیر ہے

200

پشاور (وقائع نگار خصوصی) سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبر پختونخوا وپارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ حصول علم، تحقیق اور جستجو کے بغیر معاشرے میں تبدیلی اور ترقی دیوانے کا خواب ہے۔ باصلاحیت طلبہ و طالبات ملک و ملت کا سرمایہ اور روشن مستقبل ہیں ۔ اسلام دشمن طاقتیں ہمارے نظام تعلیم اور نصاب تعلیم پر قبضہ کرنا چاہتی ہیں کیونکہ اس کے ذریعے وہ ہم پر باآسانی تسلط جماسکتے ہیں۔ دنیا میں وہی تحریکیں کامیاب ہیں جن کے پیچھے کتابیں اور تعلیم ہے۔ جماعت اسلامی برسراقتدار آ کر ملک میں نظریہ پاکستان سے ہم آہنگ اور ایک مستقل قومی تعلیمی پالیسی کے ذریعے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے لیے یکساں اسلامی نظام تعلیم رائج کرے گی۔ اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان سلوگن کے تحت ملک بھر میں ہر بچے کو مفت تعلیم دیں گے۔ وہ دانش چلڈرن اکیڈمی براؤل میں اسکو ل کی سالانہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ سینئر وزیر عنایت اللہ خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے حصول کے لیے معاشرے میں شعور بیدار کرنے کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ غیر سرکاری تنظیمیں بھی اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ آج کے طالب علم کل قوم کے رہنما ہوں گے، اس لیے تعلیمی اداروں کی حالت بہتر بنانے کے لیے موجودہ حکومت شعبہ تعلیم پر ترجیحی بنیادوں پر توجہ دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ معیار تعلیم کو بہتر بنانے اور طالب علم کو نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں آگے لے جانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ معاشرے اور اداروں کی پائیدار ترقی کے لیے علم کاحصول ناگزیر ہے۔ صوبائی حکومت تعلیمی اداروں میں ریفارمز کے ذریعے اصلاحات احوال کے لیے کوشاں ہے۔ تقریب کے اختتام پر بچوں میں انعامات تقیسم کیے گئے۔