ضلع غربی میں اسکول طلبہ کی سائنسی نمائش ناقص انتظامات کی نذر

495

کراچی(رپورٹ:حماد حسین)ڈسٹرکٹ ویسٹ کے تحت لوئر سیکنڈری اور سیکنڈری اسکولوں کے طلبہ وطالبات کے لیے سائنسی نمائش ناقص انتظامات کی نذر ہو گئی۔کئی اسکولوں کو پروجیکٹ کے لیے ٹیبل ہی نہیں دی گئی۔نمائش کے شرکا کے لیے بنیادی ضروریات کا فقدان دیکھنے میں آیا۔ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ ویسٹ کی جانب سے اپنے طلبہ وطالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے 2روزہ سائنسی نمائش کا انعقادکیا گیا۔تاہم یہ ساری کوششیں اس وقت دم توڑ گئیں جب علی الصبح نمائش میں شریک اساتذہ اور طلبہ کو شدید پریشانی اٹھانی پڑی۔ پروجیکٹ کے ڈسپلے کے لیے کوئی ٹیبل نہیں دی بلکہ کہا گیا کہ کسی بھی کلاس سے جاکر ڈیسک اٹھا لو، طلبہ و خواتین اساتذہ نے اپنی مدد آپ کے تحت اسٹال ترتیب دیے جبکہ ڈی او آفس کی انتظامیہ وزیر تعلیم کے استقبال کی تیاریاں کرنے میں مشغول رہی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر تعلیم کے دورے سے قبل لوڈ شیڈنگ بھی ہوئی تھی تاہم اس حوالے سے کوئی خاطر خواہ انتظام نہ ہونے کے باعث شرکا شدید گرمی میں اپنے اسٹالوں پر موجود رہے کیونکہ نمائش انتظامیہ نے اسٹال منتظمین کو کلاس سے باہر جانے سے منع کیا تھا ۔نمائش کے شرکا کا کہنا تھاکہ ہم نے انتظامیہ سے واش روم کا معلوم کیا تو انہوں نے ایک جگہ بتائی جب ہم وہاں گئے توعملے نے یہ کہہ کرروک دیاکہ یہ صرف اسٹاف کے لیے ہے ۔