زراعت دشمن حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں، عمیر فاروق

134

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 62 کے امیر حافظ عمیر فاروق نے کہا ہے کہ حکومت نے ڈیزل کی قیمتوں میں ایک سال میں چوتھی بار کسانوں پر ڈیزل بم کا ڈرون حملہ کر کے ستر فیصد معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے۔ حکومت کو قیمت بڑھانی تھی تو مٹی کے تیل کی قیمت کوڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں کے برابر بڑھا کر اپنی تجوریاں بھر لیتی کیونکہ مٹی کے تیل کی پیٹرول اور ڈیزل میں ملاوٹ سے اربوں روپے کی زرعی مشینری، بسوں، کاروں اور ٹرانسپورٹ اور صنعتی مشینری کا بیڑہ غرق ہو رہا ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت بڑھنے سے ایک طرف عوام کو خالص ڈیزل اور پیٹرول ملتا تو دوسری طرف حکومت کو بھی ٹیکس کی شکل میں فائدہ ہوتا مگر اب مٹی کے تیل، پیٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں فرق سے منافع خور ملاوٹ کرکے پورے ملک کی مشینری کو تباہ کردیں گے۔ زراعت دشمن حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں۔ شوگر ملوں کی لوٹ مار اور بھارتی آبی دہشت گردی کی وجہ سے دریاؤں میں پانی کی شدید کمی کی وجہ سے کسان پہلے ہی پریشان تھے مگر اب تیل کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ قریب المرگ زرعی معیشت کے لیے زہر قاتل ثابت ہوگا۔