فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے پاناما لیکس کے بعد پیرا ڈائز لیکس میں سابق وزیر اعظم شوکت عزیز سمیت دیگر پاکستانیوں کے ناموں کے انکشاف پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپٹ افراد پاکستان سے لوٹ مار کر کے اپنے غیر ملکی اکاؤنٹس بھر رہے ہیں۔ احتسابی عمل کا سلسلہ نواز شریف کی نااہلی پر رکنا نہیں چاہے بلکہ بے نقاب ہونے والے تما م لوگوں کے خلاف کیس نیب عدالتوں میں دائر کیے جائیں۔ کرپٹ افراد کی طویل فہرست میں کسی بھی دینی جماعت کے رہنما کا نام نہیں ہے۔ جماعت اسلامی کا کا روز اول سے یہ مؤقف ہے کہ ہر کرپٹ شخص کو قانون کے دائرے میں لایا جائے اور سب کا بے لاگ اور کڑا احتساب ہو۔ عدالت عظمیٰ ایک ایسا بااختیار کمیشن قائم کرے جو بلاامتیاز تحقیقات کرے اور احتساب کے بارے میں پارلیمنٹ میں ہونے والی قانون سازی کے لیے سفارشات بھی مرتب کرے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آئین سے ماورا کسی اقدام پر یقین نہیں رکھتی، گولی اور بندوق کے بجائے عوام کی رائے سے حکومتوں کی تبدیلی مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے۔