راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا کہ انتخابات کا التوا نہیں چاہتے، جماعت اسلامی احتساب اورانتخاب ساتھ ساتھ چاہتی ہے، اسلامی قوتیں جمہوری اندازمیں ملک میں انقلاب اور تبدیلی چاہتی ہیں ان کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرکے ان کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے سے سیاسی خلفشار بڑھے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پنجاب شمالی کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امرائے اضلاع شمس الرحمن سواتی، سید عارف شیرازی، سجاد احمد عباسی، مولانا جابر علی، ابو عمیر زاہد اور محمد وقاص خان سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ راشد نسیم نے کہا کہ انتخابات کو التوا میں ڈالا گیا تو یہ ملک کی بہت بڑی بدقسمتی ہوگی جس سے انتشار اور انارکی کا خطرہ بڑھ جائے گا ۔ پاکستان اس وقت کسی سیاسی خلفشار کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کا مستقبل روشن ہے، امریکی ریسرچ کے ادارے تحقیقاتی رپورٹس میں اسلام کے پوری دنیا میں غالب ہونے کا اعلان کررہے ہیں، خلفائے راشدہ کا نظام ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ ملک میں ٹیکنوکریٹس کی حکومت کا شوشا چھوڑنے والے سیاسی بحران میں مزید اضافہ چاہتے ہیں، نیب سمیت دیگر ادارے کرپٹ مافیا کا احتساب کرنے میں حقیقی کردار ادا کریں توکسی کو ملک لوٹنے کی جرأت نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن ایسے بیانات سے گریز کریں جن سے افواہیں اور خدشات اجاگر ہوں اور قوم میں مایوسی پھیلے۔ ملک پہلے ہی معاشی اور سیاسی طورپرعدم استحکام کا شکار ہے، ایسی افواہوں سے مزید نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی شفاف لیڈر شپ اس ملک کے عوام کے لیے امید کی کرن ہے، کرپٹ سیاستدان پاکستان پر دھبہ ہیں، عوام انہیں ووٹ کی قوت سے مسترد کرکے دیانتدار قیادت کا انتخاب کریں تاکہ ملک کی تقدیر بدل سکے۔