پاکستان کی اصل دشمن کرپٹ اشرافیہ ہے چھٹکاراضروری ہے، مشتاق خان

191

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ پیراڈائز لیکس نے جماعت اسلامی کے مؤقف کو درست ثابت کیا کہ پاکستان کو اصل خطرہ کرپشن سے ہے، پاناما لیکس پیراڈائز لیکس اور نیب زدگان کے الیکشن میں حصہ لینے پر پابندی لگائی جائے، اسمبلیوں پر چوروں اور ڈاکوؤں کا قبضہ ہے۔ سابق وزیر اعظم شوکت عزیز کو انٹر پول کے ذریعے گرفتار کر کے کٹہرے میں کھڑا کر کے لو ٹی ہوئی تمام دولت واپس لے کر قرار واقعی سزا دی جائے۔ اشرافیہ کے ہر چودھری، خان، سردار اور وڈیرے سمیت تما م ایلیٹ کلاس قوم کی بوٹیاں نوچ رہی ہے۔ چیف جسٹس فوری کریک ڈاؤن کر کے اس کرپٹ ایلیٹ کلاس کا یوم حساب برپا کردیں۔ قوم کی عزت اور مستقبل کا تحفظ اب چیف جسٹس اور اعلیٰ عدلیہ کے ہا تھ میں ہے۔ اعلیٰ عدلیہ تما م بیرون ملک اکاؤنٹس کا فارنزک آڈٹ کروائے اور بیرون ملک پڑا لوٹ کا تمام مال واپس اگلوائے۔ چیف جسٹس ہر روز نکلنے والے لیکس پر لیکس کا فوری نوٹس اور سو مو ٹو ایکشن لے کر تمام اشرافیہ کی، ان کی اولادوں اور ان کے کاسہ لیسوں کی فوری تلاشی اور لوٹی ہوئی قومی دولت واپس لینے کے احکامات جاری کریں۔ قوم عدلیہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، چیف جسٹس سوموٹو ایکشن کے تحت اور تمام کرپشن کا حساب لیں۔ اس کرپٹ ایلیٹ کلاس نے ملک کو قوم کو کھوکھلا کردیا ہے، تمام سیاسی و غیر سیاسی مافیاز اور ایلیٹ کلاس کیخلاف کریک ڈاؤن کر کے اعلان جہاد کریں اور تمام سیاسی بیماروں کو بھی لائن حاضر کرکے کٹہرے میں کھڑا کریں۔ پاکستان کی اصل دشمن کرپٹ اشرافیہ ہے، اس کا تدارک اب اشد ضروری ہے۔