اربوں روپے کے بجٹ کے باوجود واسا کی کارکردگی صفر ہے

143

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 65 کے جنرل سیکرٹری ہدایت اللہ نے کہا ہے کہ واسا کی نااہلی کے باعث سرگودھا روڈ کے علاقے مسلم ٹاؤن، شادمان ٹاؤن 1 اور 2، نواز ٹاؤن، نیو لاثانی ٹاؤن جوہڑ بن گئے ہیں۔ واسا اہلکار عوام سے لڑنے جھگڑنے اور علاقوں کے پانی میں ڈوبنے کانظارہ کرنے کے سوا کوئی کام نہیں کرتے، ایم ڈی واسا، ڈسٹرکٹ گورنمنٹ، ڈی سی بھی ان کے سامنے بے بس نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اکثرعلاقے جوہڑ میں تبدیل ہوگئے ہیں جبکہ واسا کا عملہ اور مشینری غائب ہے۔ سیوریج کا گندا پانی سڑکوں، گھروں میں داخل ہوگیا ہے اور نکاسی آب نہ ہونے کی وجہ سے علاقوں کی سٹرکوں پر ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہے، سٹرکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جس کے باعث حادثات معمول بن گئے ہیں۔ اربوں روپے کے بجٹ کے باوجود واسا کی کارکردگی صفر ہے اور شہری پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ منتخب ایم این اے اورایم پی ایزنے عوامی مسائل کے حل کے نام پر ووٹ حاصل کرنے کے بعددوبارکبھی ان علاقوں میں قدم نہیں رکھا، عوامی مسائل میں سب سے بڑا مسئلہ اس وقت پانی کی نکاسی نہ ہونا، سٹرکوں کی ٹوٹ پھوٹ اور مضر صحت پانی ہے۔ 80 فیصد بیماریاں اس مضر صحت پانی کی وجہ سے جنم لیتی ہیں اور اس میں 40 فیصد بچوں کی اموات، جن کی عمریں پانچ سال سے کم ہیں وہ بھی اس مضر صحت پانی کی وجہ سے ہوتی ہیں۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ان علاقوں میں واسا کی کارکردگی کا جائزہ لیں اور علاقہ مکینوں کے مسائل حل کروائیں۔