پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھارت ملوث ہے، مشتاق خان

285

پشاور (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر مشتاق احمد خان نے کوئٹہ اور راجگال میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی سرحدوں اور شہروں پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے اور بے گناہوں کاخون بہانا کسی طور برداشت نہیں کرسکتے، ملک و قوم کی حفاظت کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قابل صد تحسین ہیں، دشمن نے ایک غیر اعلانیہ جنگ شروع کررکھی ہے، دہشت گرد کل بھوشن کو فوراً پھانسی پر لٹکا کر عبرت کا نشان بنایا جائے جب تک دہشت گرد کل بھوشن کو قرار واقعی سزا نہیں دی جاتی دشمن اپنی اوقات میں نہیں رہے گا، پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ہندوستان براہ راست ملوث ہے جس کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، ہندوستان کے پیٹ میں مروڑ سی پیک کی وجہ سے اٹھ رہے ہیں اوروہ دن رات اس منصوبے کو سبو تاژ کرنے کی فکر میں لگا ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مشتاق احمد خان نے جماعت اسلامی کے صوبائی ہیڈ کوارٹر المرکز الاسلامی پشاور سے جاری ایک اخباری بیان میں کوئٹہ اور راجگال میں ہونے والے دہشت گردی کے حالیہ حملوں پر اپنے ردّ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا ہماری قومی معیشت، سی پیک، پاکستان کی سرحدوں پر امن اور ہمارے عوام کی خوشحالی اصل نشانہ ہیں، بھارت اسکو ٹھنڈے پیٹوں برداشت کرنے کو تیار نہیں، اس نے ا وّل روزسے ہی ہمارا وجود برداشت نہیں کیا۔ حکومت نے امن و معیشت کی بحالی اور قرضوں سے چھٹکارے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے، بیرون ملک بینکوں میں رکھے گئے لوٹ کے ڈالر فوری طور پر ملکی خزانے میں واپس لانے کے اقدامات کیے جائیں، امریکی مطالبات کیخلاف ہر قسم کی سہولت کاری سے قطعی انکار کی پالیسی اپنائی جائے جنگی بنیادوں پر مضبوط اور ٹھوس دلائل پر مبنی سفارتکاری کا آغاز کیا جائے اور دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا جائے، ہندوستان کا انسانی حقوق کی پامالی کا ریکارڈ ہے اور بالخصوص کشمیری اور بھارت میں رہنے والے مسلمان اس کے ظلم کا خاص نشانہ ہیں۔ مودی اس بات کا اعتراف کرچکا ہے کہ مشرقی پاکستان کو بنگلا دیش بنانے میں اصل کردار بھارتی حکومت نے ہی ادا کیا۔ بھارت کی نسل پرست اور سیاسی تنظیمیں آئے روز ملک میں اقلیتوں بالخصوص مسلمان اقلیت پر حملہ آور اور معیشت و سیاست سمیت ہر میدان میں مسلمانوں کا راستہ بند کرنے میں لگی رہتی ہیں۔ پاکستان اور مسلم دشمنی میں بھارت کو بالخصوص اسرائیل اور امریکا کی آ شیر باد حا صل ہے۔