حکومت روڈ سیفٹی کے انتظامات کا ہنگامی بنیادوں پر جائزہ لے

161

پشاور (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر مشتاق احمد خان نے گزشتہ روز ضلع اٹک کے علاقے ڈھوک پٹھان میں تبلیغی جماعت کے ساتھیوں کی گاڑی کو پیش آنے والے المناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کوہاٹ کی تحصیل لاچی کے دیہی علاقے مندوری میں ایک ہی گاؤں کے ستائیس افراد کی شہادت پر ان کی مغفرت اور ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کے بعد لواحقین اور تبلیغی جماعت کے اکابرین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہید ہونے والے تمام افراد ایک نیک مقصد کے لیے اللہ کے راستے میں نکلے تھے۔ سانحے سے پورے صوبے کی فضا سوگوار ہے۔ ہم شہدا کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ مشتاق احمد خان نے مطالبہ کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بس سانحہ میں شہید ہونے والے افراد کے خاندانوں، بیواؤں اور یتیموں کی کفالت اور مالی امداد کا اعلان کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت روڈ سیفٹی کے انتظامات کا ہنگامی بنیادوں پر جائزہ لے اور موجودہ دھند اور گردوغبار کے باعث ہائی ویز پر ٹریفک کی روانی میں پیش آنے والی خطرناک رکاوٹوں کا نوٹس لے کر اس کے تدارک کا بند و بست کرے۔آلودگی کو کم کرنے کے لیے سڑکوں کے کناروں پر درخت لگانے کا اہتمام کرے۔