کوئٹہ میں دہشت گردی کے ذمے داران کوکیفر کردار تک پہنچایاجائے، میاں مقصود

208

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے امریکی کمانڈرجان نکلسن کے بیان کہ ’’دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے حوالے سے پاکستان کا رویہ بالکل تبدیل نہیں ہوا‘‘ پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان حقائق کے منافی اور پاکستان کی قربانیوں سے صرف نظر کرنے کے مترادف ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ پاکستان نے نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں سب سے زیادہ نقصان برداشت کیا ہے۔ عالمی برادری کو تعصبانہ رویہ ترک کرنا ہوگا۔ ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کا اصل چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے، اس سے خیر کی توقع نہیں کی جاسکتی۔ اب وقت آگیا ہے کہ حکومت پاکستان امریکی جنگ کو خیر باد کہہ کر وسائل کا رخ عوام کی فلاح وبہبود کی طرف موڑے۔ پاکستان کے خلاف زہر اگلنے والے امریکا کی اس نام نہاد جنگ میں ہمارے 60 ہزار سے زائد افراد شہید اور سوا سو ارب ڈالر سے زائد کا معاشی نقصان ہوچکا ہے جبکہ اس کے بدلے میں ملنے والی امداد اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ’’ڈومور‘‘ کے امریکی مطالبے کے جواب میں ’’نومور‘‘ کا واضح پیغام دیا جائے۔ امریکا سمیت عالمی برادری کو مسلمانوں کے خلاف اپنے دوہرے معیار تبدیل کرنے ہوں گے۔ ایک طرف ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں ریاستی مظالم کی انتہا کرچکا ہے جبکہ دوسری جانب انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں اور ممالک اس ظلم پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اب مزید عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی جنگ ہمارے گلی محلوں تک پہنچ چکی ہے۔ جماعت اسلامی کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی اور حکومت سے یہ مطالبہ کرتی ہے کہ اس افسوس ناک واقعہ کے اصل ذمے داران کو جلدازجلد گرفتارکرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی داؤ پر لگ چکی ہے۔ دشمن ہماری صفوں میں انتشار کی فضا قائم کرنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے۔ ان کی تمام سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ قومی سلامتی کے مسئلہ پر تمام سیاسی جماعتیں اور پوری قوم متحد ہے۔