حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئے، سردار ظفر

332

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیرسردارظفرحسین خان ایڈووکیٹ نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو دی جانے والی سالانہ 200 ارب روپے کی سبسڈی صارفین سے پوری کرنے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران ہر محاذ پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔ ایک طرف 20 کروڑ عوام کے جان ومال کو تحفظ حاصل نہیں تو دوسری جانب رہی سہی کسر برسر اقتدار لوگوں کی ڈنگ ٹپاؤ پالیسیوں نے پوری کردی ہے۔ سبسڈی دینے کے نام پر عوام ہی کی خون پسینے کی کمائی دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کاسلسلہ جاری ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ وزارت پانی وبجلی کے حکام کے مطابق جون 2016ء تک گردشی قرضوں کی حد 330 ارب روپے ہے، جس میں سے 277 ارب روپے حکومتی آئل مارکیٹنگ کمپنی پی ایس او کے ہیں جبکہ موجودہ حکومت نے 2013ء میں آئی پی پیز کو گردشی قرضوں کی مد میں 480 ارب روپے کی ادائیگی کی تھی۔ موجودہ آئی پی پیز کو گردشی قرضوں کو ایک خاص حد تک رکھنے اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو مالی ریلیف دینے کے لیے کمرشل بینکوں سے قرض لیا جائے گا۔ حکمرانوں نے قرضے حاصل کرنے میں سبقت حاصل تو کر لی مگر عوام کو ثمرات نہیں مل سکے۔