کوئٹہ اور شمالی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش اور برف باری

296

کوئٹہ (آئی این پی ) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت دیگر شمالی اضلاع میں موسم سرما کی پہلی بارش اور برف باری کے بعد یخ بستہ ہواؤں کے چلنے کا سلسلہ جاری ہے‘ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں گیس پریشر کی کمی کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کرگیا‘ بارش کے باعث کوئٹہ شہر کے اکثر علاقے گھنٹوں تک بجلی کی سپلائی سے محروم رہے۔ علاوہ ازیں پنجاب کے کئی شہروں میں بارش اوربعض بدستور دھند کی لپیٹ میں رہے‘وہاڑی، لیہ، بہاولپور، اوچ شریف اور احمد پور شرقیہ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے اسموگ اور دھند کم ہوگئی۔لاہور اور منڈی بہاو الدین سمیت صوبے کے کئی علاقے بدستور دھند کی لپیٹ میں رہے‘ موٹر وے بھی کئی مقامات پر بند کردی گئی۔ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے کے دورا ن اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، خیبر پختونخوا کے علاقوں کے علاوہ فاٹا، گلگت بلتستان، شمال مشرقی بلوچستان اور کشمیر میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔