کیمیکل سے تیارمصنوعی دودھ کی فروخت بند کی جائے، رانا طہٰ

222

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 70 کے امیر رانا طہٰ، جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن نے شہر بھر میں مضر صحت اور کیمیکل سے تیارمصنوعی دودھ کی فروخت کے مکروہ دھندے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ شہر اور گردونواح میں وسیع پیمانے پر تیار ہونے والے مصنوعی دودھ کی سپلائی سمن آباد اور فیصل آباد شہر کی مختلف دکانوں اور شادی ہالز میں کی جاتی ہے، مضر صحت اور جان لیوا کیمیکل سے تیار ہونے والا دودھ ملاوٹ شدہ کھویا، پنیر کے استعمال سے شہری موذی امراض میں مبتلا ہونے لگے ہیں، مصنوعی دودھ کی تیاری، یوریا کھاد، ناقص کوکنگ آئل، سرف، خشک دودھ، سنگھاڑے کا پاؤڈر اور کیمیکل استعمال کیا جاتا ہے جن کی بدبوبھی نہیں سونگھی جاسکتی، سب سے آخرمیں دودھ کاذائقہ لانے کے لیے تھوڑی سی مقدارمیں دودھ ڈالا جاتا ہے۔ مکروہ اور گھناؤنے دھندے کے باعث جان لیوا بیماریوں میں اضافہ ہورہا ہے لیکن پنجاب فوڈاتھارٹی چند ایک کارروائیاں کرکے خانہ پری کرلیتی ہے۔ انہوں نے ڈی سی فیصل آباد سے انسانی جانوں سے کھیلنے والے درندوں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔