امن کے لیے جان دینے والے شہدا کے مشن کی تکمیل کی جائے گی

175

کوئٹہ (وقائع نگار خصوصی) وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ امن کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہدا کے مشن کی تکمیل کی جائے گی۔ شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ امن دشمن جان لیں، جب تک ہم ان کا مکمل خاتمہ نہیں کر لیتے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ شہدا کے لواحقین کے بلند حوصلے دیکھ کر فخر محسوس ہوتا ہے۔ لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں، انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ پولیس شہدا کے لواحقین کے پیکج میں اضافے کے لیے آئی جی پولیس کو ہدایت جاری کردی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید ایس ایس پی حامد شکیل کی رہائش گاہ پر شہید کے صاحبزادوں، بھائی اور دیگر لواحقین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزرا میر سرفراز بگٹی، سردار در محمد ناصر، میر محمد خان لہڑی، آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری، کمشنر کوئٹہ امجد خان اور ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ نے لواحقین سے تعزیت اور ہمدری کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر شہید کے صاحبزادوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردوں سے ان کے والد اور دیگر شہدا کے خون کا حساب لیا جائے گا۔ لواحقین کی بھرپور داد رسی کی جائے گی، جس کے لیے انہوں نے آئی جی پولیس کو پولیس شہدا کے پیکج اور مراعات میں اضافے کی سمری تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ شہید ایس ایس پی کی سرکاری رہائش گاہ لواحقین کے زیر استعمال رہے گی اور پالیسی کے مطابق شہید کے صاحبزادے کو پولیس میں ملازمت فراہم کی جائے گی۔