مغرب آزادی اظہار کی آڑ میں دنیا کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے

123

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان نے امریکا کی جانب سے ناموس رسالت قوانین کی منسوخی کے مطالبے پر اپنے شدید ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ ناموس رسالت قوانین کے خلاف منفی پروپیگنڈا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہوگا۔ امریکی حکام اسلامی شرعی قوانین کو متنازع بناکر اپنے گھناؤنے عزائم کی تکمیل کرنا چاہتے ہیں۔ جماعت اسلامی ملک کے اسلامی تشخص کو کبھی پامال نہیں ہونے دے گی۔ ہم نے ملک کے آئین کو اسلامی بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا اور آئندہ بھی اس کے دفاع کو مقدم سمجھا اور رکھا جائے گا۔ بیرونی دشمنوں اور لادینی قوتوں کیخلاف پوری قوم یک زبان اور متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا اور اس میں صرف اور صرف اللہ اور اس کے رسولؐ کا نظام حیات ہی لاگو ہوکر رہے گا۔ مغرب آزادی اظہار کی آڑ میں دنیا کے امن وامان کو تباہ وبرباد کرنا چاہتا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف حیلوں بہانوں سے مسلمانوں کے دینی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے، بحیثیت مسلمان ہمارے ایمان کا تقاضا ہے کہ دین اسلام کے خلاف ہونے والی تمام سازشوں کو بے نقاب کرنے کے لیے اتحاد ویکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے۔ اسلام دشمن قوتیں کبھی بھی اپنے ناپاک ایجنڈے میں کامیاب نہیں ہوسکیں گی۔