***۔۔۔۔۔۔ ملک بھر سے ۔۔۔۔۔۔***

188

کوئٹہ (وقائع نگار خصوصی) کوئٹہ اور قلعہ سیف اللہ میں فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ہفتے کی سہ پہر کوئٹہ کے علاقے جناح ٹاؤن میں سٹی اسکول کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عبدالقدوس ولد عبدالقادر دہوار کے نام سے ہوئی ہے جو مستونگ کا رہائشی تھا اور ایک سرکاری سکول میں استاد تعینات تھا۔ انہیں سر میں دو گولیاں ماری گئیں۔ کوئٹہ ہی کے علاقے سریاب مل میں نامعلوم ڈاکوؤں نے بڑیچ ٹاؤن کوئٹہ کے رہائشی عبدالعلی ولد محمد ایاز بڑیچ سے موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت پر پاؤں میں گولی مار کر اسے زخمی کردیا۔ ملزمان موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ زخمی کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیاگیا۔ دوسری جانب قلعہ سیف اللہ کے علاقے گنج محلہ میں دو گروہوں کے درمیان تصادم ہوا۔ اس دوران ایک ملزم دارو خان نے فائرنگ کردی جس کی زد میں بیچ بچاؤ کرانیوالے دو افراد غنی اور نادر خان زخمی ہوئے۔ پولیس نے ملزم دارو خان کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔* ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت) آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات سید محسن شاہ بخاری صدر، غلام مصطفی شورو سینئر نائب صدر اور محمد عثمان سٹھیو جنرل سیکرٹری منتخب۔ آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن ضلع ٹنڈو محمد خان کے سالانہ انتخابات برائے2017-18ء منعقد ہوئے جس میں ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ انتخابات میں متفقہ رائے سے سید محسن شاہ بخاری صدر، غلام مصطفی شورو سینئر نائب صدر، امجد میمن سینئر نائب صدر، شاہد عباسی جونیئرنائب صدر، محمد علی قمبرانی جونیئر صدر، محمد عثمان سٹھیو، جنرل سیکرٹری، رضوان میمن ڈپٹی جنرل سیکرٹری، نذیر احمد لغاری آفس سیکرٹری، محمد علی خاصخیلی فنانس سیکرٹری اور عبدالقادر سومرو پریس سیکرٹری منتخب ہوئے۔* ڈگری (نمائندہ جسارت) ڈگری تعلقہ اسپتال سے پولیو مہم کے سلسلے میں تعلقہ اسپتال سے محمدی چوک تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت چیئرمین میر انصر تالپور، وائس چیئرمین بابو حنیف آرائیں، تعلقہ فوکل پرسن ڈاکٹر انورالدین کھتری نے کی۔ ریلی میں ڈاکٹر، صحافیوں، اساتذہ، کونسلروں، شہریوں اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی سے میر انصر تالپور، بابو حنیف آرائیں اور ایم ایس ڈاکٹر انورالدین کھتری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے تاکہ ملک سے پولیو کا جڑسے خاتمہ کیا جاسکے۔ بعد ازاں ریلی تعلقہ اسپتال پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔* لاہور (آئی این پی) پولیس چوکی فردوس مارکیٹ کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 52 لیٹر شراب برآمد۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن حسنین حیدرکے احکامات پر انچارج پولیس چوکی فردوس مارکیٹ عاطف سلطان خان نے کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ منشیات فروش ندیم عرف دیما کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 52 لیٹر شراب برآمد کرلی، پولیس کے مطابق ملزم پر پہلے سے ہی 8 سے زیادہ مقدمات درج ہیں۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن حسنین حیدرنے چیئرمین مانگا پریس کلب ڈاکٹرعدنان سے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ جرائم کے خاتمے تک منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصرکے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔* فیصل آباد (آئی این پی) فیصل آباد سے مسلسل پانچویں روز بھی نامعلوم شخص کی لاش برآمد۔ فیصل آباد سٹی ایریاز سے نا معلوم افراد کی لاشیں ملنے کا سلسلہ تھم نہ سکا گز شتہ روز بھی ڈی گراؤنڈ پاکستان چوک سے نا معلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی، پہلی لاش شیخوپورہ روڈ، دوسری نشا ط آباد، تیسری سر گودھا روڈ، چوتھی جھنگ روڈ اور گز شتہ روز پانچویں لاش ڈی گراؤنڈ سے برآمد ہوئی۔ فیصل آباد کے بارونق علاقوں سے ملنے والی لاشیں پولیس فورس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان۔* شیخوپورہ (آئی این پی) درجنوں ڈکیتیوں میں ملوث 5 رکنی بین الااضلاعی گروہ گرفتار پولیس نے گینگ کے سرغنہ عمران عرف مانی کو اپنے چار اشتہاری ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا جن کے قبضے سے ناجائز اسلحہ، موٹر سائیکلیں، موبائل فون اور لاکھوں روپے نقدی برآمد ہوئی۔ ملزمان درجنوں وارداتوں میں ملوث تھے۔* لاہور (آئی این پی) پنجاب یونیورسٹی شعبہ امتحانات نے ایل ایل بی پارٹ ون، ٹو اور تھرڈ سالانہ 2017ء کے امتحانی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلی نتائج پنجاب یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.pu.edu.pk پر بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔* کوہاٹ (آئی این پی) ناقص اور مضر صحت گھی اور ڈھل سے تیار کباب کی فروخت جاری‘ کباب کے استعمال سے شہری معدے اور دیگر بیماریوں میں مبتلا ضلع انتظامیہ صحت دشمن کاروبار سے سادہ لوح شہریوں کی جان چھڑانے کے بجائے چند ہزار روپے جرمانوں پر اکتفا کرنے لگی، شہریوں کی اکثریت پیٹ، سینے، معدے، جلد اور دیگر خطرناک امراض کا شکار ہونے لگے۔ اس حوالے سے گزشتہ دنوں اسسٹنٹ کمشنر طاہر علی نے کچہ پکہ بازار کے معائنے کے دوران ا ن کباب فروشوں کو کئی ہزار روپے جرمانہ کیا تھا لیکن انہوں نے اب بھی ناقص اور مضر صحت گھی اور ڈھل سے تیار کباب کی فروخت جاری رکھی ہے۔