بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اہم محکموں کے سربراہان تبدیل کرنے کا فیصلہ

284

کراچی (رپورٹ : محمد انور ) بلدیہ عظمی کراچی کی صورتحال بہتر بنانے کیلیے سینئر ڈائریکٹرز میونسپل سروسز اور میڈیکل سروسز سمیت دیگر محکموں کے سربراہاں کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جن افسران کا تبادلہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں8 سال سے تعینات سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم بھی شامل ہیں۔ مسعود عالم پر مبینہ طور پر محکمہ میونسپل سروسز کی ساکھ متاثر کرنے اور اس کے شعبے فائر بریگیڈ کا نظام خراب کرنے کا الزام ہے جس کی وجہ سے 40 فائر ٹینڈرز خراب ہوچکے ہیں اورپورا شعبہ صرف 8 فائر ٹینڈرز پر چل رہا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میئر وسیم اختر فائر بریگیڈ سمیت پورے محکمہ میونسپل سروسز کے نظام کی خرابی کی وجہ سے سینئر ڈائریکٹر سے نالاں ہیں۔ میئر کی ناراضی کی وجہ سے مسعود عالم چھٹیوں پر کینیڈا جاچکے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مسعود عالم نے میئر سے ہی چھٹیاں منظور کرائیں تھیں جبکہ انہیں حکومت سندھ کی اجازت سے ملک سے باہر جانا چاہیے تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میئر وسیم اختر نے مسعود عالم کی جگہ کے ایم سی کے سینئر افسر ریحان خان یا تسنیم احمد کو سینئر ڈائریکٹر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں پیر کو احکامات جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ ریحان خان کو سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز لگانے کی صورت میں سینئر ڈائریکٹر اکاؤنٹس و فنانس محمود بیگ کو لگادیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم جمیل فاروقی کا بھی تبادلہ کردیا جائے گا انہوں نے خرابی طبیعت کی وجہ سے اس عہدے پر خدمات انجام دینے سے معذرت کر لی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریحان خان سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروس تعینات ہونے سے انکار کیا تو ڈائریکٹر فائر بریگیڈ وسول ڈیفنس تسنیم احمد کو سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مقرر کردیا جائے گا۔ اسی طرح سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات کی اسامی پر سابق سینئر ڈائریکٹر مظہر خان کی تعیناتی کا امکان ہے۔