پاکستان دشمن قوتیں دہشت گردی کا نیٹ ورک مضبوط بناچکی ہیں

175

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میں زونل امرا اور جنرل سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی کرپشن کے خلاف تحریک جاری ہے اور جب تک کرپٹ مافیا اور بینکوں سے قرضے لے کر معاف کرانے والوں کو احتساب کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا ، کرپشن فری پاکستان تحریک جاری رہے گی، عوام حکمرانوں سے لوٹی ہوئی دولت واپس لیے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ملک لوٹنے والوں کو بے نقاب کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ ملک میں مقتدر طبقے نے عوام پر ستر سال تک حکمرانی کی لیکن جہالت، غربت، بے روزگاری اور دنیا بھر میں اپنی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے بدنامی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ غلط پالیسیوں اور بدنیتی پر مبنی ریاستی نظام کی وجہ سے پاکستان دشمن قوتیں دہشت گردی کا نیٹ ورک مضبوط بناچکی ہیں۔ قوم کو اپنے دوست اور دشمن کی پہچان کرلینی چاہیے۔ ملک میں تبدیلی لانے کے لیے ظالمانہ اور استحصالی نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔