مسلمان تاجر بھائیوں کے نام 

493

ثمینہ رضوان

سلام اس پر جو ہدایت کی پیروی کرے، جو اللہ اور اس کے رسول محمد ؐ پر ایمان رکھے اور ان کے سکھائے ہوئے طریقوں کو اپنائے۔
’’اے ایمان والوں، کیا میں بتادوں وہ تجارت جو تمہیں دردناک عذات سے بچالے‘‘۔ (سورۃ صف آیت۔10)
’’اور جب جمعہ کی اذان دی جائے تو خرید و فروخت چھوڑ دو اور نماز قائم کرو، یہی تمہارے حق میں بہتر ہے، اگر تم علم رکھتے ہو تو‘‘۔ میرے تاجر بھائیوں اور بہنوں کے نام: جیسا کہ آپ اور ہم سب جانتے کہ جمعہ کا دن ہمارے لیے عید کا دن ہے کیا ہم سب اس بات پر ایمان نہیں رکھتے کہ اللہ تعالیٰ نے جمعہ کے دن کو مخصوص کیا ہے، پسند فرمایا ہے۔ ہم آپ کی توجہ ایک اہم مسئلہ کی طرف مبذول کرانا چاہتے ہیں اور آپ سب سے یہ چاہتے ہیں کہ ان کوششوں میں ہمارا ساتھ دیں کیوں کہ آپ کی یہ کوشش ہماری آنے والی نسلیں اپنے ربّ اور اپنے مذہب سے محبت کرنا سکھائے گی۔ آج کل ہمارے معاشرے میں غیر ملکی اور غیر اسلامی رسم بلیک فرائیڈے منانے کی بھی چل پڑی ہے۔ ہم یہ بات بھی اچھی طرح جانتے ہیں کہ جمعہ کا دن پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے کتنی اہمیت کا حامل ہے۔ جمعہ کا دن مسلمانوں کے لیے تمام دنوں کا سردار قرار دیا گیا ہے۔ جیسا کہ حدیث رسول ہے: ’’ہم با اعتبار ترتیب امم سب امتوں کے بعد آئے ہیں لیکن قیامت کے دن حساب وکتاب اور جنت میں جانے کے لحاظ سے سب سے آگے ہوں ہاں یہود ونصاریٰ کو ہم سے پہلے کتاب ضرور دی گئی تھی پس جمعہ کے دن عبادت کرنا ان پر فرض کیا گیا تھا مگر انہوں نے اختلاف کیا۔ پس اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس کی ہدایت کر دی۔ پس سب لوگ اس بات میں ہم سے پیچھے ہیں۔ یہود کا دن کل (ہفتہ) اور نصاری ٰ کا دن پرسوں (یعنی) اتوار ہے۔
یہود و نصاریٰ شروع دن سے مسلمانوں کے خلاف سازشیں کرتے آئے ہیں اور یہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو یہ بتادیا ہے کہ: ’’یہود و نصاریٰ کبھی بھی تمہارے دوست نہیں ہوسکتے‘‘۔ ہمارے آقا ؐ نے بھی صاف صاف فرمادیا ہے کہ: ’’جس نے یہود و نصاریٰ کی تقلید کی، وہ ہم میں سے نہیں، اور روز قیامت وہ انہی میں اٹھایا جائے گا‘‘۔ 24 نومبر 2017 کو بلیک فرائیڈے منایا جارہا ہے۔ ساری دنیا میں اسی پیارے دن کو مخصوص کیا گیا گرینڈ ٹریڈنگ کے لیے اور وجہ یہ بتائی جاتی ہے چوں کہ اکاؤنٹس کی اصطلاح میں ہر قسم کا نقصان سرخ روشنائی سے لکھا جاتا ہے جب کہ ہر قسم کی ریکارڈ کیپینگ بشمول فائدے کالی انک سے لکھے جاتے ہیں۔ یہ تو کوئی وجہ نہیں ہوئی دنیا کی ہر قسم کی دستاویزات لکھنے میں یہی اصول ہے۔ تو اس حساب سے ہر شعبے کو کسی دن کے ساتھ خاص کر کے یوم سیاہ کے طور پر منایا جا سکتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ کفار مسلمانوں کو سیل اور ڈسکاؤنٹ کے نام پر خرید وفروخت میں مصروف کرکے مسلمانوں کے لیے اس دن کی اہمیت کو ختم کرنا چاہتے ہیں تاکہ ہم اللہ پاک کے حکم سے روگردانی کریں۔
تجاویز: 1 ہم مسلمان بلیک فرائیڈیکا دن منانے کے بجائے اسے کسی اچھے نام سے اور مخصوص وقت میں یعنی جمعہ کے نماز کے بعد اور اپنی عبادت کے وقت کے بعد خاص سیل اور ڈسکاؤنٹ دیکر اس تجارت کو شروع کر سکتے ہیں۔ اور اس میں اللہ کی طرف سے برکت حاصل کر سکتے ہیں۔
2 اس دن کو اسٹار ڈے، اسپیشل ڈے، Brite Day کے نام سے بھی موسوم کر سکتے ہیں۔
3 یا پھر ہم اس دن کو کسی اور دن منالے یا ہم Black sunday یاBlack satrday منالے۔