ہائیڈرنٹس سے آمدنی بڑھانے والے افسر کو فارغ کردیا گیا

223

کراچی (رپورٹ: محمد انور) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے واٹر ہائیڈرنٹ کا نظام بہتر بنانے اور آمدنی میں اضافہ کرنے والے افسر کو ہٹاکر مبینہ طور پر نااہل انجینئر کو ہائیڈرنٹ انچارج بنادیا گیا۔ باخبر سرکاری ذرائع کے مطابق پیر کو ایم ڈی واٹر بورڈ سید ہاشم رضا زیدی کی منظوری سے گریڈ 18 کے ایگزیکٹو انجینئر تابش رضا زیدی کو ہائیڈرنٹ سیل کا انچارج مقرر کردیا ہے۔ اس ضمن میں آفس آرڈر جاری کردیا گیا۔ حکم نامے کے مطابق اس اسامی پر تعینات نثار مگسی کو ہٹادیا گیا۔ دلچسپ امر یہ کہ تابش زیدی کو ہائیڈرنٹ سیل سے موجودہ ایم ڈی نے ہی برطرف کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نثار مگسی نے ہائیڈرنٹ سیل
اور ٹینکر آپریشن کے انچارج کی حیثیت سے ہائیڈرنٹ سے ہونے والی ماہانہ آمدنی 80 لاکھ سے بڑھاکر 7 کروڑ روپے کردی تھی۔ ذرائع نے کا کہنا ہے کہ آمدنی میں اضافہ کرنے والے محکمہ ریونیو و ریکوری کے ڈپٹی ڈائریکٹر کا تبادلہ ادارے کو مالی نقصان سے دوچار کرنے کی سازش ہوسکتی ہے۔ یاد رہے کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے گزشتہ روز عدالت عظمیٰ کے حکم پر ٹینکرز کے مقرر کردہ نرخوں کا بھی اعلان کیا ہے ۔