اسمبلیوں میں آنے کیلیے مہاجر کارڈاستعمال کیا گیا‘ مصطفی کمال

284

کوئٹہ (صباح نیوز)پاک سرزمین پارٹی(پی ایس پی( کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے حکمرانوں کی جانب سے اسمبلیوں میں آنے اور ملک کے بڑے شہروں کے میئر بننے کے لیے مہاجر کارڈ استعمال کیا جاتا ہے لیکن ان ہی کے علاقوں میں فلاح و بہبود کے کام نہیں ہوتے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مصطفی کمال نے کہا کہ ایک مہاجر میئر اپنے بزرگ کی پینشن کا12 لاکھ کا چیک کلیئر کرنے کے لیے اس سے6 لاکھ کی رشوت وصول کرتا ہے اور اسی مقصد کے لیے ایسے حکمرانوں کو مہاجروں کا نام چاہیے ہوتا ہے۔ پی ایس پی سربراہ نے کہاکہ ہمیں نسلی امتیاز کے بجائے ایک
پاکستانی کے طور پر شناخت کرانی ہوگی۔ مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی مہاجر کا نعرہ لگانے والوں نے اپنے آپ کو دیگر قوموں سے دور کردیا ہے۔ انہوں نے کہا میں خون اور لاشوں کی سیاست کرکے کسی کی بد دعائیں لینا نہیں چاہتا ہوں۔ سابق ناظمِ کراچی نے حکمرانوں کے ہاتھوں معاشرے پر ظلم ہو رہا ہے اور ملک دشمن عناصر بھائی کو بھائی سے لڑا رہے ہیں، ہم ایسا نظام لانا چاہتے ہیں جہاں سب کو انصاف ملے۔