سی پیک سے بے پناہ ترقی ہوگی‘ گوادر قصبے سے عالمی شہربن جائیگا‘ شاہد خاقان

597
گوادر: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی محمد خان اچکزئی، نواب ثنا اللہ زہری، وفاقی وزرا ، کمانڈسدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ ایسٹ بے ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں
گوادر: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی محمد خان اچکزئی، نواب ثنا اللہ زہری، وفاقی وزرا ، کمانڈسدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ ایسٹ بے ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں

گوادر (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی موجودہ حکومت محض باتوں پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے، سی پیک سے پاکستان میں بے پناہ ترقی ہوگی اس سے پاک چین تعلقات کو نئی جہت ملی ہے، ترقی و خوشحالی کے منصوبوں سے گوادر مچھیروں کے ایک چھوٹے سے قصبے سے بین الاقوامی اہمیت کا حامل شہر بن جائے گا، پاکستان میں فعال جمہوریت ہے اور اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے لیکن الحمدللہ سی پیک پر پورا پاکستان متحد ہے، سی پیک مشترکہ خوشحالی کا وژن ہے، یہ منصوبہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور چینی وزیراعظم کے وژن کا عکاس ہے، سی پیک دونوں ملکوں کی دوستی کو نئی جہت دے گا۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو گوادر بندرگاہ ایسٹ بے ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ احسن اقبال، وفاقی وزیر میری ٹائم افیئرز میر حاصل بزنجو، گورنر بلوچستان محمود خان اچکزئی، چینی سفارتکار یانگ ینگ، وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری، وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ، وزیر مملکت پیٹرولیم جام کمال خان، وزیر مملکت میری ٹائم افیئرز جعفر اقبال، کمانڈر سدرن کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ، چینی کنسٹرکشن کمپنی کے حکام اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے منصوبے میں چینی کمیونیکیشن کارپوریشن، چائنا اوورسیز بورڈ ہولڈ کمپنی اور گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے 15 ارب روپے کا یہ منصوبہ شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد گوادر مچھیروں کے ایک چھوٹے سے قصبے سے بین الاقوامی اہمیت کا حامل شہر بن جائے گا۔ گوادر کا محل وقوع اور اس کا جغرافیہ اسے عالمی نقشے پر اہم مقام بنائے گا۔ وزیراعظم نے گورنر اور وزیراعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کی ترقی اور خوشحالی کے منصوبوں میں مقامی آبادی کا ضرور خیال رکھا جائے۔ ان منصوبوں سے نہ صرف گوادر بلکہ پورے پاکستان کو فوائد ملیں گے۔ ہماری خواہش اور کوشش ہے کہ ان منصوبوں میں مقامی لوگوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار اور تربیت کے مواقع فراہم ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس منصوبے سے گوادر کی بندرگاہ فری زون ہوجائیگی اور کوسٹل ہائی وے کے راستے کراچی تک نئے رابطے استوار ہوں گے۔ گوادر کی ترقی و خوشحالی کیلیے مختلف منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گوادر میں پائلٹ فری زون اس سال مکمل ہو گا، پورٹ پروجیکٹ اور دیگر منصوبوں پر کام جاری ہے، ائرپورٹ کا افتتاح بھی عنقریب ہو رہا ہے اور پاور پلانٹ بھی جلد شروع ہو گا۔ گوادر میں ترقی و خوشحالی کیلیے 170 ارب روپے سے زائد کے منصوبے جاری ہیں، ان منصوبوں کی تکمیل سے گوادر اور پاکستان کے عوام کی توقعات پوری ہوں گی۔