پی ایس پی بلوچستان کی بڑی سیاسی قوت بنے گی، مصطفی کمال

183

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ کراچی میں آپریشن تو ہو رہا ہے لیکن وہاں کا کچرا نہیں اٹھایا جا رہا، 2018ء کے انتخابات میں ہماری توجہ سندھ اور بلوچستان پر ہوگی، ایک وزیراعظم اور 4 وزیراعلی تمام اختیارات پر قابض ہیں، اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیے بغیر عام آدمی کی حالت نہیں بدلی جاسکتی، این ایف سی ایواڈ کی تقسیم غربت کی بنیاد پر ہونی چاہیے، فاروق ستار نے سیاست چھوڑنے کا ڈرامہ کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب
میں انیس قائم خانی سمیت دیگر رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ مستقبل قریب میں پی ایس پی بلوچستان میں بڑی سیاسی قوت بنے گی۔ پی ایس پی کے دور حکومت میں عوام کو انصاف کے حصول، معذوروں کو نوکری، لوگوں کو شناختی کارڈ، تعلیم، صحت سمیت دیگر سہولیات کیلیے پریس کلب کے سامنے کیمپس لگانے اور احتجاج کی ضرورت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم آنے والے عام انتخابات میں سندھ اور بلوچستان کو زیادہ ترجیح دے رہے ہیں بلکہ ہماری کوشش ہوگی کہ سارے ملک کے اختیارات وزیراعظم اور 4 وزرائے اعلیٰ سے نچلی سطح تک منتقل کیے جائیں۔ پاک سرزمین پارٹی کبھی بھی یہ برداشت نہیں کرے گی کہ حکمرانوں کے بچے لندن، امریکا میں صحت اور تعلیم کی سہولیات حاصل کریں اور غریب کے بچے کو یہاں صحت و تعلیم سمیت کوئی سہولت میسر نہ ہو۔