ہم نوجوانوں کے ذریعے انقلاب لانا چاہتے ہیں،زبیراحمدگوندل

250

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے مرکزی صدر زبیراحمدگوندل نے 10دسمبرکو ہونے والے جے آئی یوتھ کے انٹراپارٹی الیکشن کے چوتھے مرحلے کے سلسلے میں تیاریوں کاجائزہ لینے کے لیے المرکزالاسلامی چنیوٹ بازار میں ڈویژنل ذمے داران کے اجلاس میں شرکت کی،ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان نے خصوصی شرکت کی ۔ڈویژ نل اجلاس میں راناعدنان خاں صدر فیصل آباد،ضلعی جنرل سیکرٹری عمر فاروق گجر،عابدحسین بانڈے ،صدرضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ، عاصم گجر صدر گوجرہ رانااسد الرحمن، صدر پیر محل،فاروق احمد جنرل سیکرٹری جڑانوالہ،حسن بلال ضلع چنیوٹ، محمدحماد پرویز سمندری کے علاوہ زونل صدر اورجنرل سیکرٹریز کی کثیرتعداد شریک ہوئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے زبیراحمدگوندل نے کہاکہ ہم نوجوانوں کے ذریعے انقلاب لانا چاہتے ہیں،موروثی سیاست کے خاتمہ، کرپشن سے پاک پاکستان،عرصہ دراز سے اقتدار پر قابض کرپٹ ٹولے کے خاتمے کیلیے ہر نوجوان کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،جماعت اسلامی کے نوجوان ظلم، جبر، کرپشن اور کرپٹ مافیاکے خلاف اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے، موروثی سیاست کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے، آج اگر ملک میں کرپشن، بددیانتی اور مایوسی کے سائے ہیں تو یہ انہی کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے ہے ،ہم ان لوگوں کو اقتدار کے ایوان سے اٹھا کر جیلوں کی سلاخوں کے پیچھے دھکیلنا چاہتے ہیں اور نوجوانوں کو اقتدار کے ایوانوں میں دیکھنا چاہتے ہیں جب تک شاہین صفت اور باکردار نوجوان پاکستان کی باگ ڈور نہیں سنبھالتے، پاکستان کو اندرونی و بیرونی خطرات لاحق رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ جے آئی یوتھ انٹرا پارٹی الیکشن کا چوتھا مرحلہ 10دسمبر کو ہوگا۔ نوجوان ہی ملک کے مستقبل کے معمار ہیں۔جماعت اسلامی یوتھ کو قیادت کے منصب پر لے کر آنا چاہتی ہے۔ نوجوان پاکستان کی آبادی کا 60 فیصدہیں۔ ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔نوجوانوں کی سرپرستی اور ان کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع میسر کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کے وژن اور مرکزی مجلس شوریٰ کے فیصلے کے مطابق جماعت اسلامی پورے ملک میں نوجوانوں کو جے آئی یوتھ کے پلیٹ فارم پر اکٹھا کر رہی ہے۔ صوبہ پنجاب میں جے آئی یوتھ کے انٹرا پارٹی الیکشن کے تین مرحلے خوش اسلوبی سے مکمل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی یوتھ انٹرا پارٹی الیکشن ضلعی ، زونل اور یونین کونسل کے اُمرا کی مکمل سرپرستی اورتعاون سے ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب چوتھے مرحلے کے انتخابات ان شاء اللہ 10دسمبر کو پنجاب کے تمام اضلاع میں منعقد ہوں گے۔نوجوان بڑی تعداد میں جے آئی یوتھ میں شامل ہو رہے ہیں۔ یہی نوجوان مستقبل میں جماعت اسلامی کے دست و بازو بنیں گے ۔