لیبر اسکوائر سرکاری اسکول کی تباہ حال عماعت اعلیٰ افسران کی منتظر

297

کراچی(رپورٹ:حماد حسین)گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول لیبر اسکوائر کی تباہ حال عمارت اعلیٰ افسران کی منتظر ہے۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ویسٹ اپنے اختیارات سے تجاوز کرنے لگے۔ذرائع کے مطابق گورنمنٹ گرلز پرائمری ا سکول لیبر اسکوائرکی بلڈنگ موجود ہے تاہم اس کی حالت اس طرح کی نہیں ہے کہ وہاں پر بچوں کو بٹھایا جائے کیونکہ عمارت کی چھت اور کمروں کی حالت بہت خراب ہے۔محکمہ تعلیم کے افسران کو کئی بار خطوط بھی تحریر کیے گئے ہیں تاہم ان کی جانب سے کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کے بعد اس کی جگہ کو تبدیل کر کے گورنمنٹ بوائز لوئر سکینڈری اسکول کی عمارت میں شفٹ کیا گیا تھا جوکہ اب تک وہیں موجود ہے۔ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ویسٹ کی جانب سے21 اکتوبر 2017 ایک حکم نامہ جاری کیا گیا جس میں تحریر تھا کہ فوری طور پر مندرجہ ذیل گورنمنٹ بوائز لوئر سکینڈری اسکول کو گورنمنٹ گرلز پرائمری ا سکول لیبر اسکوائر سائٹ ٹاؤن میں تبدیل یا ضم کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گو رنمنٹ بوائز لوئر سکینڈری اسکول روزی لینڈ دوپہر کی شفٹ میں طلبہ کو تعلیم دیتا تھا تاہم ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کے احکامات کے بعد اب یہ اسکول صبح میں لگتا ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی پرائمری ،لوئر سکینڈری یا سکینڈری اسکول کی شفٹ یا کسی بھی قسم کا انتظامی فیصلہ کرنے کا اختیار ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کے بجائے ڈائریکٹر اسکولز کاہے یا ان کو اس حوالے سے ڈائریکٹر اسکولز تحریری طور پر اجازت لی جاتی ہے، تاہم اس معاملے میں کسی بھی اعلیٰ افسر کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ حکم نامے کی کاپی نہ تو سیکرٹری تعلیم کو اور نہ ہی ڈائریکٹر اسکولز کو ارسال کی گئی۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس بلڈنگ میں پہلے ہی 3تعلیمی ادارے جن میں گورنمنٹ بوائز لوئر سکینڈری اسکول روزی لینڈ،گورنمنٹ گرلز پرائمری ا سکول لیبر اسکوائر اور گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول لیبر اسکوائر2موجود ہیں۔اس ضمن میں ڈائریکٹر اسکولز حامد کریم سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم انہوں نے کال وصول نہیں کی۔