ٹیسٹ میچ میں پہلی گیند کے شکار

308

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بنگلا دیش پریمیئر لیگ اور قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں مصروف ہیں۔ شارجہ میں آئندہ ماہ شروع ہونے والی 10ٹین لیگ کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ فیصل فیچرز کے سید پرویز قیصر نے قارئین کے لیے شماریاتی مضمون بھیجا ہے، امید ہے معلومات میں اضافے کا سبب ہوگا۔

کوئی بھی افتتاحی بلے باز میچ کی پہلی گیند پر آئوٹ نہیں ہونا چاہتا، اور وہ میچ کی پہلی گیند کو بے حد توجہ کے ساتھ کھیلتا ہے، مگر مخالف ٹیم کے بولر کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ پہلی ہی گیند پر وکٹ حاصل کرلے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں ابھی تک 31 مرتبہ ایسا ہوا ہے جب کوئی افتتاحی بلے باز میچ کی پہلی گیند پر آئوٹ ہوا۔ 27 بلے بازوں کے ساتھ یہ حادثہ ہوچکا ہے۔ بھارت کے سنیل گواسکر اور بنگلا دیش کے حنان سرکار3,3 مرتبہ ٹیسٹ کی پہلی گیند پر آئوٹ ہوئے ہیں۔
بھارت اور سری لنکا کے درمیان کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن بارش اور خراب روشنی کے باعث کھیل دیر سے شروع ہوا۔ سری لنکا کے تیز بولر سرنگا لکمل نے لوکیش راہول کو ٹیسٹ کی پہلی ہی گیند پر وکٹ کیپر نروشن ڈکویلا کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔
ٹیسٹ میچ کی پہلی گیند پر آئوٹ ہونے والے لوکیش راہول بھارت کے چھٹے کھلاڑی ہیں۔ بھارتی افتتاحی بلے بازوںکے لیے ایسا ابھی تک 8 مرتبہ ہوا ہے۔
سنیل گواسکر کے ساتھ یہ حادثہ3 مرتبہ ہوا ہے۔ 1974ء میں برمنگھم میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے تیز بولر جیف آرنلڈ نے سنیل گواسکر کو پہلی ہی گیند پر وکٹ کیپر ایلن ناٹ کے ہاتھوں کیچ کرایا تھا۔ 1983-84ء میں کولکتہ میں ویسٹ انڈیز کے تیز بولر میلکم مارشل نے سنیل گواسکر کو پہلی گیند پر وکٹ کیپر جیفری ڈوجون کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ جے پور میں 1986-87ء میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے تیز بولر عمران خان نے سنیل گواسکر کو جاوید میانداد کے ہاتھوں کیچ کراکے پہلی ہی گیند پر پویلین کا راستہ دکھایا تھا۔
ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی گیند پر آئوٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی انگلینڈ کے آرچی میک لارین تھے جن کو 1894-95ء میں میلبورن میں آسٹریلیا کے تیز بولر آرتھر کوننٹن نے ہیری ٹروٹ کے ہاتھوں کیچ کرایا تھا۔
سنیل گواسکر کے بعد بھارت کا جو افتتاحی بلے باز پہلی مرتبہ آئوٹ ہوا تھا وہ سدھیر نائک تھے، کولکتہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 1974-75ء میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں تیز بولر اینڈی رابرٹس نے انہیں وکٹ کیپر ڈیرک مرے کے ہاتھوں کیچ کرایا تھا۔
نیپئر میں 1989-90ء میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کے تیز بولر رچرڈ ہیڈلی نے بھارت کے افتتاحی بلے باز ووکری رمن کو پہلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو کیا تھا۔
شیوسندرداس ویسٹ انڈیز کے خلاف برج ٹائون میں 2001-02ء میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں پہلی گیند پر شکار بنے تھے۔ تیز بولر مرون ڈھلون نے انہیں بولڈ کیا تھا۔
لوکیش راہول سے قبل جس بھارتی بلے باز کے ساتھ یہ حادثہ آخری مرتبہ ہوا تھا وہ وسیم جعفر تھے۔ بنگلا دیش کے خلاف چٹاگانگ میں 2007ء میں ہوئے ٹیسٹ میچ میں بنگلا دیش کے فاسٹ بولر مشرفی مرتضیٰ نے انہیں بولڈ کیا تھا۔ بنگلا دیش کے افتتاحی بلے باز حنان سرکار بھی سنیل گواسکر کی طرح ٹیسٹ میچ کی پہلی گیند کا شکار 3 مرتبہ بنے ہیں۔

sports1
دائیں ہاتھ کے اس افتتاحی بلے باز کو تینوں مرتبہ ویسٹ انڈیز کے تیز بولر پیدرو کولینس نے آئوٹ کیا ہے۔ ان کے ساتھ ایسا پہلی مرتبہ ڈھاکا میں 2002ء میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں ہوا تھا، تب پیڈرو کولینس نے حنان سرکار کو بولڈ کیا تھا۔
بنگلا دیش نے 2004ء میں جب ویسٹ انڈیز کا دورہ کیا تھا تو حنان سرکار دونوں ٹیسٹ میچوں میں پہلی گیند پر آئوٹ ہوئے تھے اور دونوں مرتبہ پیڈرو کولینس نے انہیں اپنا شکار بنایا تھا۔ گروس آئسلیٹ میں حنان سرکار ایل بی ڈبلیو ہوئے تھے جب کہ کنگسٹن میں بھی وہ ایل بی ڈبلیو قرار دیے گئے تھے۔ پیڈرو کولینس کے علاوہ انگلیڈ کے جیف آرنلڈ، نیوزی لینڈ کے رچرڈ ہیڈلی اور بھارت کے کپل دیو نے2,2 مرتبہ ٹیسٹ میچ کی پہلی گیند پر وکٹ حاصل کی۔
سنیل گواسکر کو 1974ء میں برمنگھم میں پہلی گیند پر اپنا شکار بنانے کے بعد جیف آرنلڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ میں 1974-75ء میں جان موریسن کو مائک ہینڈرک کے ہاتھوں کیچ کرایا تھا۔
بھارت کے کپل دیو نے پاکستان کے خلاف جالندھر میں 1983-84ء میں محسن خان کو میچ کی پہلی گیند پر ایل بی ڈبلیو کرنے کے بعد ڈربن میں 1992-93ء میں جنوبی افریقا کے جمی کک کو سچن ٹنڈولکرکے ہاتھوں پہلی گیند کیچ کرایا تھا۔
سری لنکا کے سرنگا لکمل بھی اب ان بولروں میں شامل ہوگئے جنہوں نے ٹیسٹ میچ میں پہلی گیند پر وکٹ حاصل کی ہے۔ انہوں نے پہلی مرتبہ ایسا 2010-11ء میں پالے کیلے میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کیا تھا۔ دائیں ہاتھ کے اس بولر نے کرس گیل کو ایل بی ڈبلیو کیا تھا۔
جمی کک اور ویسٹ انڈیز کے لیون گاریک کے ساتھ یہ حادثہ پہلے ٹیسٹ میچ میں ہوا ہے۔ کنگسٹن میں 2000-01ء میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں لیون گاریک کو میچ کی پہلی بال پر ایلن ڈونلڈ نے شان پولاک کے ہاتھوں کیچ کرایا تھا۔ میچ کی دوسری اننگ میں لیون گاریک نے 27 رنز بنائے تھے جب کہ جمی کک پہلے میچ کی دوسری اننگ میں 43 رنز بنانے میںکامیاب رہے تھے۔