فوج کا دھرنے کیخلاف آپریشن نہ کرنے کا اعلان خوش آئندتھا 

192

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی ) جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر راناعدنان خاں،جنرل سیکرٹری چودھری عمرفاروق گجرنے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ فوج کا دھرنے کے خلاف آپریشن نہ کرنے کا اعلان خوش آئندتھا جس کی بدولت معاملہ مکمل افہام تفہیم سے حل ہوگیا۔انہوں نے کہاکہ آرمی چیف نے وزیراعظم کو ختم نبوت حلف نامے میں ترمیم کے ذمے داروں کو سزا دینے کا مشورہ دے کر قوم کے دل جیت لیے ہیں۔ ریاستی جبر و تشدد سے جانثاران ختم نبوت کی آواز دبائی نہیں جا سکتی۔شہدائے ختم نبوت کے قاتل حکمران اپنے انجام کو ضرور پہنچیں گے۔ نواز شریف کے خلاف عدالتی فیصلہ نہ ماننے والوں کو ختم نبوت کے پروانوں پر ظلم کے لیے عدلیہ کا احترام یاد آ گیا تھا۔ وزیر داخلہ نے عدالتی حکم کو جواز بنا کر ظلم کی انتہا کر دی ہے جسے آنے والی نسلیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر قانون کے ساتھ ساتھ وزیر داخلہ کابھی استعفا لیاجاناچاہیے تھا۔ہم ختم نبوت کے تحفظ اور پاسبانی کے لیے مو ت سے ڈرنے والے نہیں اور مسلمانوں کے عقیدے پر ڈاکا ڈالنے والوں کو کبھی معاف کرنے کے لیے بھی تیارنہیں ہوں گے، نواز شریف کے اس دعوے کہ’’ختم نبوت کے فارم سے حلف نامے کو نکالنے سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے‘‘پر ان سے سوال ہے کہ عقیدہ ختم نبوت کے فارم سے حلف کو نکالنا اگر پارٹی کا فیصلہ نہیں تھا تو پھر اسی وقت نبی مہربانؐ کے مجرم اسمبلی میں کیوں بیٹھے رہے اورانہیں اسی وقت نکال باہرکیوں نہیں کیاگیا،پوراملک جام کرنے اور بیسوں افراد کی ہلاکت سے قبل ہی اگرحلف نامے میں ترمیم کرنے والوں کو نکال باہر کیاجاتاتو ملک اتنے بڑے نقصان اور قیمتی جانوں کے ضیاع سے بچا جاسکتاتھالیکن ن لیگ حکومت کی ضد اورہٹ دھرمی کے باعث 22روز عوام شدیدکرب اورذہنی اذیت میں مبتلا رہی جس کا خمیازہ ن لیگ کو 2018ء کے انتخابات میں ان شاء اللہ بھگتنا پڑے گا۔