میگا کرپشن کیس‘ خالد لانگو کے گھرکو سب جیل قراردینے کا اقدام چیلنج

243

کوئٹہ( نمائندہ جسارت) نیب بلوچستان نے میگا کرپشن کیس میں گرفتار سابق صوبائی مشیر خالد لانگو کے گھر کو سب جیل قراردینے کے اقدام کو بلوچستان ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔ ترجمان نیب کے مطابق نیب نے اس ضمن میں بلوچستان ہائی کورٹ میں ایک آئینی درخواست دائر کردی ہے جس کی سماعت بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس کامران ملاخیل پر مشتمل بینچ نے کی۔ نیب نے اپنی آئینی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے خالد لانگو کے گھر کو سب جیل قرار دینا غیر قانونی اقدام ہے ملزم میگا کرپشن کیس میں ملوث ہے۔نیب کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب بلوچستان چودھری ممتاز یوسف نے حکومت بلوچستان کے انتظامی حکم پر قانونی وواقعاتی اعتراضات عدالت کے سامنے پیش کئے ، جبکہ ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان امان اللہ کنرانی نے بلوچستان حکومت کی نمائندگی کی۔ بینچ نے ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان امان اللہ کنرانی سے استفسار کیا کہ کیا یہ مراعات تمام قیدیوں کے لئے ہیں ، کل کوئی دہشت گرد بھی اس قسم کی سہو لت طلب کرے گا تو کیا آپ اسکو یہ سہولت فراہم کریں گے ۔ ہائی کورٹ کے2 رکنی بینچ نے بلوچستان حکومت اور سیکرٹری داخلہ بلوچستان کو نوٹسز جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔