گڈز ٹرانسپورٹ معاشی خوشحالی کا ناگزیرپہیہ ہے، گورنر سندھ

320
گورنر سندھ محمد زبیر سے آل کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کا وفد ملاقات کررہا ہے
گورنر سندھ محمد زبیر سے آل کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کا وفد ملاقات کررہا ہے

کراچی (اے پی پی)گورنر سندھ محمد زبیر سے آل کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کے وفد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقا ت میں جاری صورتحال ، انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات، نقل و حمل کے لیے ہر ممکن سہولیات،گڈز ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل میں حائل رکاوٹوں اور مشکلات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امورپر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ معاشی خوشحالی کا ناگزیر پہیہ ہے جس کے چلنے سے معاشی خوشحالی اور اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہو تا ہے ،حکومت گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے نقل و حمل کے لیے موثر انتظامات کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اس ضمن میں کوریڈورز بھی تشکیل دیے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے بھی اپنے حالیہ دورہ کراچی میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو ہدایت کی تھی کہ نادرن بائی پاس کو مزید چوڑا کرنے کے لیے فزیبیلیٹی تیار کرے تاکہ کراچی پورٹ ٹرسٹ سے نکلنے والی ہیوی ٹریفک کو شہر کے داخلی راستوں کی بجائے براہ راست سپر ہائی وے تک پہنچایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک کی طرح صوبہ میں بھی موٹر ویز پر کام جاری ہے اس ضمن میں M-9 موٹروے تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جس کی تکمیل سے ٹریفک کی آمد رفت میں آسانی اور مقرر وقت پر مطلوبہ جگہ ٹریفک کے پہنچنے میں مدد بھی ملے گی اور وقت ،ایندھن اور پیسے کے ضیاع سے بھی محفوظ رہا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کی خوشحالی میں انفرااسٹرکچر کا کلیدی کردار رہا ہے اس لیے موجودہ حکومت بھی انفرااسٹرکچر کی بحالی اور ترقی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ معاشی ، اقتصادی ، سماجی اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوسکے۔ ،سی پیک منصوبہ کی تکمیل سے قبل انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی بھی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کامیاب معاشی پالیسی کے باعث ہر شعبہ میں مثبت تبدیلی دیکھی جارہی ہے ، معاشی سرگرمیوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اس ضمن میں ٹرانسپورٹ کی ضرورت بھی مزید بڑھ گئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انفرااسٹرکچر کے ساتھ ساتھ ٹرک اسٹینڈ کے ارد گرد کے علاقوں میں سڑکوں کی استر کاری اور انھیں مزید چوڑا کرنے کے ساتھ ساتھ انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی پر بھی توجہ دی جارہی ہے تاکہ بغیر رکاوٹ کے ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل ممکن ہوسکے اور مال برداری کے موثر نظام کو وضح کیا جا سکے ۔ ملاقات میں آل کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کے وفد نے گورنرسندھ سے درخواست کی کہ شہر میں ٹریفک کے اژدھام کے باعث ہیوی ٹریفک کے لیے نکلنا ممکن نہیں ہو تا اور ٹرک اسٹینڈ کے اطراف کے علاقوں میں سڑکوں کی حالات زار بہت زیادہ خراب ہے جس سے ٹرکوں کی آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے ٹرانسپورٹ کے ضمن میں حکومت کے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ منصوبوں کی تشکیل سے ہیوی ٹریفک کے مسائل کے خاتمہ میں مدد ملے گی جو کہ خوش آئند ہے ۔ قبل ازیں گورنر نے سوئزر لینڈ کے سفیر Mr.Thomas Kollyسے ملاقات میں کہا کہ نئی صنعتوں کے قیام اور نجی سیکٹر کے فعال کردار سے بے روزگاری اور غربت کے خاتمہ میں مدد مل رہی ہے اس ضمن میں سو ئزر لینڈ کے سرمایہ کار بھی کراچی کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری سے شہر کی استعداد سے بھرپور استفادہ حاصل کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سو ئزر لینڈ کے سرمایہ کاروں کی صوبہ با الخصوص کراچی کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی کا اظہار خوش آئند ہے اس ضمن میں حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون اور مدد بھی فراہم کرے گی جبکہ سرمایہ کاری سے دو طرفہ تعلقات بھی مزید مستحکم اور مضبو ط ہوں گے۔ گورنر محمد زبیر نے کہا کہ پاک سو ئزر لینڈ دو طرفہ تعلقات کے استحکام میں سوئز سفیر Mr.Thomas Kolly اہم کردار ادا کررہے ہیں با الخصوص سرمایہ کاری میں اضافہ میں سفیر کی خدمات قابل قدر ہیں ۔