(بی بی سی)
سائنسدانوں نے متنبہ کیا ہے کہ 2018ء میں تباہ کن زلزلوں میں اضافہ ہو سکتا ہے اور اس کا تعلق زمین کے گردش کرنے کی رفتار میں کمی سے ہے۔ یہ تحقیق یونیورسٹی آف کولوراڈو کے راجر بلہم اور مونٹانا یونیورسٹی کی ربیکا بینڈک نے امریکا کی جیولوجیکل سوسائٹی کے سالانہ اجلاس میں پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ زمین کے گردش کرنے کی رفتار میں کمی کے باعث آئندہ برس زلزلوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ گردش کرنے کی رفتار میں کمی بہت ہی کم ہے یعنی دن کے دورانیے میں ملی سیکنڈ کی تبدیلی ہے لیکن اس سے بڑے پیمانے پر زیر زمین توانائی کا اخراج ممکن ہے۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ زمین کی گردش اور زلزلوں میں کافی حد تک تعلق ہے اور اگلے سال ممکنہ طور پر تباہ کن زلزلوں میں اضافہ ہو گا۔ بلہم اور بینڈک نے اپنی تحقیق میں 1900ء سے اب تک کے زلزلوں کا مطالعہ کیا ہے جن کی شدت 7 سے زیادہ تھی۔
بلہم کا کہنا ہے ‘ایک صدی سے زلزلوں کو ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور اسی وجہ سے ہمیں تحقیق کرنے میں مدد ملی ہے۔ ان دونوں سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ تحقیق سے پتا چلا ہے کہ 5 ادوار میں زلزلے زیادہ آئے۔ بلہم کا کہنا ہے کہ ‘ان ادوار میں ایک سال میں 25 سے 30 شدید زلزلے آئے جبکہ دیگر ادوار میں ایک سال میں اوسطاً 15 زلزلے آئے۔
سائنسدانوں نے ان ادوار میں زیادہ زلزلے آنے کی وجوہات کے لیے تحقیق کی ہے۔ جس سے انہیں معلوم ہوا کہ ان ادوار میں زمین کی گردش کی رفتار میں کمی واقع ہوئی تھی۔
بلہم کہتے ہیں ‘زمین کی گردش کرنے کی رفتار میں کمی واقع ہوتی ہے اور اس کو اٹامک کلاک سے بہت بہتر طریقے سے جانچا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ 1960ء سے اب تک سیکنڈ کی طوالت یا دورانیہ جاننے کے لیے اٹامک گھڑیاں استعمال ہوتی ہیں۔ ان گھڑیوں میں سیکنڈز کا دورانیہ جاننے کے لیے ایٹم میں ہونے والی تھرتھراہٹ یا لرزش کی پیمائش کی جاتی ہے۔
ان دونوں سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ پچھلی ڈیڑھ صدی میں 5 ادوار ایسے گزرے جب پانچ سال کے لیے زمین کی گردش کرنے کی رفتار میں کمی ہوئی اور یہی وہ ادوار تھے جب شدید زلزلوں میں اضافہ ہوا۔
بلہم کا کہنا ہے ‘آسان بات یہ ہے کہ زمین ہمیں زلزلوں سے 5 سال قبل متنبہ کرتی ہے اور اس بار زمین کی گردش کرنے میں کمی 4 سال قبل شروع ہوئی تھی۔ صاف ظاہر ہے کہ اگلے سال شدید زلزلے متوقع ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ‘اس سال زیادہ زلزلے نہیں آئے۔ اس سال 6 شدید زلزلے آئے ہیں۔ 2018ء میں باآسانی 20 زلزلے آ سکتے ہیں۔ تاہم سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ زمین کی گردش کرنے کی رفتار میں کمی کیوں واقع ہوتی ہے اس کے بارے میں ابھی تک کچھ خاص علم نہیں اور اس حوالے سے مزید تحقیق کی جا رہی ہے۔