اہم خبریں

328

ملک بھر میں آج سرکاری تعطیل کا نوٹی فکیشن جاری

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزارت داخلہ نے عید میلاد النبیؐ کے موقع پر(آج )12ربیع الاول یکم دسمبر کو ملک بھر میں سرکاری تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا‘ وزارت داخلہ کے حکام کے مطابق بارہ ربیع الاول یکم دسمبر کو ملک میں عام تعطیل ہوگی اور اس سلسلے میں وفاقی وزیر داخلہ کی منظوری کے بعد باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4.39 روپے تک اضافہ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے اوگرا کی سفارش پر یکم دسمبر (گزشتہ رات 12بجے) سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔ حکومت نے پیٹرول 1.48 روپے اور ڈیزل پر1.36 روپے، لائٹ ڈیزل 3.12 روپے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 4.39 روپے فی لیٹر اضافہ کیا۔ ذرائع کے مطابق اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت77.47 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 85.95 روپے فی لیٹر ہوگئی۔ مٹی کے تیل کی نئی قیمت 57.58 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 52.12 روپے فی لیٹر ہوگئی۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دسمبر کیلیے ڈیزل پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں، ڈیلرز کا منافع ڈی ریگولیٹ نہیں کیا گیا۔

بھارت: امرتسر کی جیل میں پاکستانی بچے کی قید کا انکشاف

اسلام آباد(صباح نیوز)بھارت کے شہر امرتسر کی جیل میں نو عمر پاکستانی بچے کی قید کا انکشاف ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی حکام کی جانب سے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو آگاہ کیا گیا ہے کہ17 مئی کو ایک بچے کو گرفتار کیا گیا جو امرتسر کی جیل میں قید ہے،نوعمر لڑکا بولنے اور سننے کی صلاحیتوں سے محروم ہے۔پاکستانی ہائی کمیشن کو بتایا گیاہے کہ بچہ قائد اعظم محمد علی جناح کی تصویر اور پاکستانی کرنسی کو پہچانتا ہے۔ پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام نے اسلام آباد میں وزارت داخلہ کے حکام سے کہا ہے کہ وہ بھارتی جیل میں قید پاکستانی بچے کے والدین کو تلاش کریں۔

حکومتی قرضوں پر سود کی ادائیگی خزانے پر بوجھ بن گئی

اسلا م آ با د( آن لائن )حکومتی قرضوں پر واجب الادا سود کی ادائیگی ملکی خزانے پر بڑا بوجھ بن گئی اور3 ماہ میں 445 ارب روپے کی خطیر رقم سے صرف سود کی ادائیگی کی گئی۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کی گئی پہلی سہ ماہی کی مالیاتی رپورٹ کے مطابق دفاع پر 182 ارب روپے اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے 221 ارب روپے جاری ہوئے۔بجٹ خسارے کو پورا کرنے کے لیے 440 ارب روپے کمرشل بینکوں سے قرض لیاگیا، نان بینکنگ سیکٹر سے ساڑھے 24 ارب جبکہ غیر ملکی ذرائع سے 8 ارب روپے قرضہ لیاگیا۔رپورٹ کے مطابق قابل تقسیم محاصل میں سے صوبوں کو 428 ارب روپے کے فنڈز منتقل ہوئے۔پہلی سہ ماہی میں صوبوں نے وفاق کو 51 ارب روپے کا فاضل بجٹ دیا۔رپورٹ کے مطابق مجموعی اخراجات 1466 ارب روپے جبکہ آمدنی 1025 ارب روپے رہی۔

سینیٹر سراج الحق سمیت سی پیک کمیٹی کے دیگر ارکان 5روزہ دورے پر چین روانہ

کوئٹہ ( آن لائن )حکومت چین کی دعوت پر سینیٹر سراج الحق ،سینیٹر عثمان خان کاکڑ ،سینیٹر تاج حیدر،سینیٹر جہانزیب جمالدینی سمیت سینیٹ کے دیگر اراکین 5روزہ دورے پر چین روانہ ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق عوامی جمہوریہ چین کی حکومت کی دعوت پرسینیٹ کی پاک چین اقتصادی راہداری کمیٹی کے ارکان سینیٹر سراج الحق ، سینیٹر تاج حیدر ،سینیٹر عثمان خان کاکڑ ،سینیٹر وزیرخٹک، سینیٹر نہال ہاشمی، سینیٹرجہانزیب جمالدینی،سینیٹر داؤدخان اچکزئی،سینیٹر میر کبیر محمد شہی بیجنگ روانہ ہوگئے۔ اپنے 5 روزہ دورے کے دوران سینیٹ کی سی پیک کمیٹی کے ممبران چین کے مختلف شہروں کے دورے ،اعلیٰ حکومتی عہدیداران سے ملاقاتیں اور مختلف وزارتوں ومحکموں کے حکام سے پاک چین دوستی اور سی پیک کے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرینگے۔

عام انتخابات سے قبل بڑی سیاسی جماعتوں پر نااہلی کی تلوار لٹکنے لگی

اسلام آباد(آن لائن)آئندہ عام انتخابات سے قبل ہی بڑی سیاسی جماعتوں پر نااہلی کی تلوار لٹکنے لگی۔پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) کے خلاف بھی غیر ملکی فنڈنگ کی وصولی کے حوالے سے درخواست دائر کر دی گئی۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ وصولی کے حوالے سے درخواستیں دائر کر دی ہیں ۔ان درخواستوں میں یہ موقف اختیار کیا گیا ہے کہ دونوں سیاسی جماعتیں بیرون ممالک سے فنڈنگ حاصل کرتی ہیں مگر اس کے متعلق الیکشن کمیشن کو آگاہ نہیں کیا گیا ہے ۔