جماعت اسلامی 2018ء کے انتخابات کیلیے تیاری کررہی ہے،فرید پراچہ

172

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی ) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل کے کراچی میں منعقد ہونے والے سربراہی اجلاس سے قبل امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے مشاورت کے لیے 12 دسمبر کو جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس منصورہ لاہور میں طلب کر لیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سید مودودی ؒ بلڈنگ میں جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی کے جائزہ سیاسی امور کے اجلاس میں کیا۔اس اجلاس میں ضلعی اور زونل عہدیداران کے علاوہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے امیدواران نے بھی شرکت کی ہے۔ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی 2018ء کے انتخابات کے لیے بھر پور تیاریاں کر رہی ہے۔ ہماری پہلی ترجیح دینی جماعتوں کا انتخابی اتحاد ہے ۔ ایم ایم اے کی بحالی کی صورت میں یا پھر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت انتخابات میں حصہ لیں گے۔ اگر اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہ بھی ہوا تو جماعت اسلامی اپنے طور پر بھی الیکشن میں ضرور حصہ لے گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات اصولی طور پر طے ہو گئی ہے کہ ایم ایم ے کی بحالی کی صورت میں قومی یا صوبائی حکومتوں میں شامل جماعتیں باہر آ جائیں گی ۔یہ بھی فیصلہ ہوا ہے کہ ایم ایم اے کا منشور اور دستورپہلا ہی ہوگا۔ البتہ اسٹیئرنگ کمیٹی موجودہ حالات کے تناظر میں اگر کوئی نئی چیز یا شق شامل کرنے کی سفارش کرے گی تو اس کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ لبیک پارٹی کو راولپنڈی والوں کی حمایت حاصل ہے ۔ اس گروہ کو مسلم لیگ (ن) اور ایم ایم اے کے ووٹ بینک کو نقصان پہنچانے کے لیے لایا گیا ہے ۔