کرپٹ حکمرانوں نے تمام سرکاری اداروں کو تباہ وبرباد کردیا

186

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے وزرات پیٹرولیم میں 2 کھرب روپے سے زائد کی بے ضابطگیاں اورواپڈا کا گردشی قرضہ 500 ارب روپے تک پہنچنے پرشدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ کرپٹ حکمرانوں نے تمام سرکاری اداروں کو تباہ وبرباد کردیا ہے۔ یہ حکومت کی انتہائی نااہلی اور مایوس کن کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ موجودہ حکومت نے اقتدارمیں آتے ساتھ ہی بلند وبانگ دعوے کیے تھے اورچھے ماہ میں لوڈشیڈنگ کوختم کرنے کی نوید بھی سنائی تھی مگر بدقسمتی سے حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کی بدولت نہ تو لوڈشیڈنگ کاخاتمہ ہوسکا اور نہ ہی دیگر مسائل میں کمی ہوسکی۔ گردشی قرضے پہلے سے بھی بڑھ چکے ہیں جبکہ رہی سہی کسر وزارت پیٹرولیم میں کھربوں روپے کی حالیہ کرپشن نے پوری کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسم سرما کی آمد کے باوجود لوڈشیڈنگ کا ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حکومت بجلی کے بحران پر ابھی تک قابو نہیں پاسکی۔ لوگوں کو کئی کئی گھنٹے تک بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ملک میں لوٹ مار کا بازار گرم ہے، کمیشن مافیا غریب عوام کو لوٹنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ منافع بخش ادارے حکمرانوں کی عدم توجہ کے باعث خسارے میں ہیں۔ حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور ملک سے لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ سوا چار سال سے زائدکا عرصہ ہوچکا ہے مگر عوام کے مسائل حل ہونے کی بجائے ان میں اضافہ ہوا ہے۔