ایک انار سو بیمار

953

طیبہ شیخ
پرانے وقتوں سے انار بہت اہم جانا جاتا ہے۔ اللہ سبحانہٗ وتعالیٰ نے اس کا ذکر قرآن میں کئی جگہ کیا ہے اور اس کو جنت کا پھل قرار دیا ہے۔ انار کا اصل وطن ایران ہے۔ اس کی باقاعدہ کاشت ایران میں شروع سے ہوتی آئی ہے۔ انار کی تین قسمیں ہوتی ہیں: میٹھا انار، کھٹا انار، اور کھٹا میٹھا انار۔ یہ تینوں اقسام دوا اور غذائی خصوصیات سے بھرپور ہیں۔
انار میں اینٹی آکسیڈنٹ (Antioxidants)، فائبر (Fiber)، وٹامنز (Vitamins)، معدنیات (Minerals) اور دوسری غذائیت سے بھرپور چیزیں شامل ہیں جو ہماری صحت کو برقرار اور بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتی ہیں۔
انار کا استعمال ہمارے خراب کولیسٹرول (LDL) کو Oxidlze ہونے سے بچاتا ہے، یعنی آکسیجن کو کم کرکے خون کو گاڑھا ہونے سے بچاتا ہے، یعنی جو کام Aspirin کرتی ہے کہ خون کے خلیے آپس میں جڑ کر Clot نہ بننے پائیں، بالکل وہی کام انار کرتا ہے۔
انار قدرتی طور پر بیماریوں سے شفایابی عطا کرتا ہے۔ اس لیے دل کی بیماریوں کے مریضوں کو اس کا استعمال کثرت سے کرنا چاہیے۔ روزانہ 1.7 اونس انار کا رس بلڈ پریشر کو بھی کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اگر انار کا استعمال مستقل طور پر کیا جائے تو یہ جلد، پروسٹیٹ اور بریسٹ کینسر سے مدافعت کا کام کرتا ہے۔
انار جگر کی حفاظت کرتا ہے اور جو حصہ کسی بیماری کی وجہ سے خراب ہوجاتا ہے اس کی نئے سرے سے تشکیل میں مدد دیتا ہے۔
انار جوڑوں کے درد میں فائدہ مند ہوتا ہے، بڑھاپے میں ہونے والے مرض الزائمر کی رفتار سست کرتا ہے اور بڑھاپے کو بھی ٹالتا ہے۔ دورانِ حمل اس کا باقاعدہ استعمال خون کی کمی اور اکڑن سے محفوظ رکھتا ہے۔ چونکہ انار میں فائبر بہت ہوتا ہے اس کے استعمال سے بھوک کم لگتی ہے، ہاضمہ صحیح رہتا ہے اور وزن کم کرنے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے۔
انار میں چکنائی نہیں ہوتی اور صرف 100 گرام انار میں 83 کیلوریز ہوتی ہیں۔ ایک گلاس انار کے رس میں گرین ٹی، بلو بیری اور کرین بیری سے زیادہ antioxidants ہوتے ہیں۔ اس کے استعمال سے دانتوں میں Plaque جمع نہیں ہوتا۔ کھانے کے بعد اس کا استعمال بلڈ شوگر کی سطح کو کنٹرول میں رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
انار کا آٹھ اونس جوس روزانہ پینے سے چہرے کے مہاسے ختم ہوجاتے ہیں، اس کا تیل بالوں کی جڑوں کو بھی مضبوط کرتا ہے اور انہیں گرنے سے روکتا ہے۔ انار کے چھلکے کو ابال کر پیچش اور دستوںکی بیماری میں پلایا جاتا ہے۔ پیٹ کے کیڑوں اور معدے کی تکالیف کے لیے رس بھی پلایا جاتا ہے اور دانے بھی کھلائے جاتے ہیں۔ قے اور متلی کو بھی روکتا ہے۔
انار کے لال دانے چبا کر کھائیں یا سلاد پر ڈال کر کھائیں، غذائیت سے بھرپور، مزیدار، ذائقہ دار پھل ہے۔ انار کا موسم ہو تو خوب استعمال کیجیے، اپنی اور فیملی کی صحت کا خیال رکھیے۔