نبی مہربانؐ کی دنیا میں آمد سے اندھیرے چھٹ گئے، شمس الرحمن سواتی

226

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر 12ربیع الاول کویوم ختم نبوت کے طور پر منایا گیا۔ اس سلسلے میں ملک بھرکی طرح ضلع راولپنڈی میں بھی خطبا اور علمائے کرام نے جمعتہ المبار ک کے خطبوں میں ختم نبوت کی اہمیت اور پاکستان میں موجود قوانین کے بارے میں عوام کو رہنمائی فراہم کی۔ امیرضلع شمس الرحمن سواتی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نبی مہربانؐ کی دنیا میں آمد سے اندھیرے چھٹ گئے اور ہر سو روشنی پھیلی۔ آپؐ کی ولادت باسعادت کے بعد انبیا کرام کی آمد کاسلسلہ ختم ہوگیا اور محمدعربیؐامام الانبیا اور آخری نبی ہیں، پوری امت مسلمہ کا اس پر ایمان ہے، لیکن بدقسمتی سے بعض ملعون عناصر نے خود کو نبی ظاہر کرکے دنیا میں فساد برپا کرنے کی کوشش کی لیکن اللہ کی نصرت سے دنیا بھر میں موجود عاشقان رسولؐ نے ایسے عناصر کو ہرمحاذ پرپسپاکیا۔ پاکستان میں بھی 1974ء میں اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنان نے ربوہ کے مقام سے ملعون مرزاقادیانی کی فکرکے خلاف تحریک کا آغازکیا اور پاکستان بھرکے علما کرام اور مذہبی جماعتوں نے ان کی سرپرستی کی۔ مولانا مودودیؒ نے مسئلہ قادیانی نامی کتابچے میں قرآن وحدیث اور دلائل سے قادیانیوں کوبے نقاب کرکے ان کا اصل چہرہ دنیا کو دکھایا۔ اس کی پاداش میں سید مودودیؒ کو پھانسی کی سزابھی سنائی گئی لیکن ان کے پایہ استقامت میں پھربھی لغزش نہیں آئی اور بالآخرعلمائے حق کی جدوجہد کے نتیجے میں قادیانی، لاہوری اور ان سے منسلک تمام لوگ قومی اسمبلی میں بنائے گئے قوانین کے تحت غیرمسلم قرار پائے۔