جادوئی الفاظ

333

بنت حوّا

یہ کتنے جادوئی لفظ ہیں۔ آپ کی سپاٹ سی زندگی میں حیرت ناک حرارت اور خوشبو بھر دینے والے لفظ۔ یہ تمام کے تمام آپ کسی کے لیے اور کوئی آپ جیسی مہر بان شخصیت کے لیے ادا کرتا ہے تو یقینا آپ خوش ہوتے ہیں ۔
ایک صحت مندانہ طرزِ فکر اور طرزِ عمر پر مبنی یہ رشتہ خواہ احسان مندی تسلیم کرنے والا ہو یا ممنونیت کا اظہار ہو‘ انسان کے لیے نعمت متبرکہ ہوتے ہیں ۔
بات یہ ہے کہ روزانہ کی تھکا دینے والی مصروفیات میں ہم اپنے ساتھیوں اور رفقا کے لیے وقت نکال نہیں پاتے ، مصروفیت کا بہانہ کرتے ہیں ، بعض اوقات جھوٹ نہیں کہتے، سچ مچ میں الجھے ہوئے ہوتے ہیں ۔ کچھ منصوبوں کی تکمیل میں یا کچھ ارادوں کو پورا کرنے کے لیے دوڑ رہے ہوتے ہیں اور وقت ریت کی مانند مٹھی سے نکلتا جاتا ہے۔ کوئی فون آ جائے ، کوئی پرانی رفاقت کا حوالہ دے کوئی پرانے تعلق کو بر قرار رکھنے کی اخلاقی کوشش کرے تو کچھ مضائقہ نہیں ہوتا۔ آپ چند لمحے اپنے لیے جی کر دیکھیے ایک چائے یا کافی کی پیالی پر خیرو عافیت پوچھیے ، کیریئر اور خانگی مصروفیات کا تذکرہ کیجیے‘ باتیں تو کبھی ختم نہیں ہوا کرتیں۔ اس سے زندگی کی بے رونقی جاتی رہتی ہے ۔ آپ بہت کامیاب انسان سہی مگر آپ کو بھی کچھ ٹانک تو چاہیے ۔
میاں بیوی کے تعلقات میںسرد مہری اور روکھا پن دونوں سے برداشت نہیں ہوا کرتا ۔ رشتوں پر کہر نہ جمنے دیجیے ۔ آپ دونوں انفرادی سطح پر اپنے تعلقات کو خوشگوار بنانے کی کوشش کریں ۔ ایک دوسرے کو بتائیں کہ ایک دوسرے کے لیے ہم کتنے ضروری ہیں ۔ آپ کی بہت اہمیت ہے ، آپ میرے لیے بہت اہم ہیں یہ بات کہنے کی بھی ہے اور عملاً ثبوت دینے کے لیے بھی آپ کو کچھ نہ کچھ ڈلیور کرنا پڑے گا ،مثلاً بیویاں شوہروں کی چھوٹی چھوٹی ضرورتوں کا خیال رکھنا سیکھ لیں تو کمال کی ذہنی و جذباتی ہم آہنگی ہو سکتی ہے ۔
کیا آج آپ نے اپنے شوہر کا واڈروب چیک کیا ہے؟ آج وہ دفتر کیا پہن کر جا رہے ہیں؟ اگر وہ اپنے لباس خود منتخب کرتے ہیں تو کیا وہ دھلے ہوئے یا پریس کیے ہوئے ہیں؟ نفاست ، صفائی اور سگھڑ پن‘ یہ تین اوصاف بے ترتیب ، لا ابالی اور مصروف ترین شوہروں کو بیویوں سے قریب لانے کے لیے کافی ہوا کرتے ہیں کیا آپ میں یہ اوصاف موجود ہیں؟
بہترین ذہنی ہم آہنگی کے لیے ضروری ہے کہ آپ اور آپ کے شوہر کے خیالات میل کھاتے ہوں ۔ آپ کی کیمسٹری ایک دوسرے سے ملتی ہو ۔ یہ مشکل مگر دلوں کو فتح کرنے کی صلاحیت آپ میں بھی موجود ہو سکتی ہے بس ذرا توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔