نوجوانوں کو نظر انداز کرکے تبدیلی نہیں لائی جاسکتی، میاں مقصود

444
لاہور، امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد جے آئی یوتھ کونسل کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں ،بلال قدرت بٹ اور زبیر احمد گوندل بھی موجود ہیں 
لاہور، امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد جے آئی یوتھ کونسل کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں ،بلال قدرت بٹ اور زبیر احمد گوندل بھی موجود ہیں 

لاہور (وقائع نگار خصوصی) نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں ان کو نظر انداز کرکے ملک میں مثبت تبدیلی نہیں لائی جاسکتی۔ جے آئی یوتھ نے کم عرصے میں پنجاب سمیت ملک بھر کے نوجوانوں میں خاصی پذیرائی حاصل کی ہے۔جماعت اسلامی نے ہمیشہ نوجوانوں کی اخلاقی تربیت کی ہے۔ جے آئی یوتھ کے زیر اہتمام منظم انداز میں اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر سطح پر سپورٹس پروگرامات کو تشکیل دیا جائے گا۔ نوجوانوں کو پنجاب بھر میں متحرک کرنے کے لیے جے آئی یوتھ کے تحت یونین کونسل، زونل، ضلعی، ڈویژنل اور صوبائی سطح پر کرکٹ، فٹ بال، والی بال اور محفل حسن قرأت و نعت کے مقابلوں کا بھی پورے صوبے میں اہتمام کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے گزشتہ روز منصورہ میں جے آئی یوتھ کی صوبائی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی یوتھ 31 دسمبر تک پنجاب کے تمام زونز میں نظم کو قائم کرے گی۔ ہمیں نوجوانوں کو کسی بھی موقع پر تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے۔ نوجوان طبقہ پاکستان کی کل آبادی کے 60 فیصد حصے پر مشتمل ہے۔ ہمارا بنیادی ہدف پنجاب کے نوجوانوں کو متحرک کرتے ہوئے اپنی تنظیم کا تعارف کروانا اور نوجوانوں کو اپنی طرف متوجہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی بہت ضروری ہے۔ وطن عزیز اس وقت مسائل کی دلدل میں دھنستا چلا جارہا ہے۔ لوگوں کو ریلیف میسر نہیں۔ بہت بڑی تعداد میں پڑھے لکھے نوجوان حالات سے دلبرداشتہ ہوکر حصول روزگار کی تلاش میں بیرون ملک کا رخ کررہے ہیں۔ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ اس کو اجاگر کیا جائے۔ آج کا نوجوان ہی مستقبل کا بہترین کھلاڑی، سیاستدان اور حکمران ہوگا۔ ہمیں نئے اور ایماندار لوگوں کو آگے لانا ہوگا۔ پاکستان کی موجودہ سیاست میں اچھی تبدیلی تب ہی آسکتی ہے، جب نوجوان آگے بڑھ کر ملکی مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ حکمرانوں کی عاقبت نااندیش پالیسیوں کی بدولت نوجوانوں کو ترقی کے نئے مواقع میسر نہیں ہیں۔ اجلاس میں جماعت اسلامی پنجاب کے سیکرٹری جنرل بلال قدرت بٹ، صدر جے آئی یوتھ پاکستان زبیر احمد گوندل، رسل خان بابر، عبدالسلام وٹو، فرقان عزیز بٹ، صہیب شریف و دیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔